انتخابی وعدوں کی تکمیل میں تلنگانہ ملک کی مثالی ریاست

   

بھو بھارتی قانون کے ذریعہ اراضیات کا سروے، وقار آباد میں اسپیکر اسمبلی پرساد کمار کا خطاب
حیدرآباد ۔13۔ اپریل (سیاست نیوز) اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار نے آج وقار آباد اسمبلی حلقہ میں بھو بھارتی قانون سے متعلق شعور بیداری پروگرام میں حصہ لیا۔ ضلع ایس پی سنیہا مہرا ، ایڈیشنل کلکٹر اوما شنکر کے علاوہ عہدیداروں اور مقامی عوامی نمائندوں نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ نظام دور حکومت میں اراضیات کا سروے کیا گیا تھا۔ تقریباً 70 سال کے وقفہ کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اراضیات کے دوبارہ سروے کا فیصلہ کیا ہے۔ عصری ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اس سروے میں اراضی کے حقیقی ملازمین کی نشاندہی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اراضیات کی حدبندی اور حدود کا تعین ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سروے کے نتیجہ میں کسانوں اور عوام کی اراضیات کا تحفظ ہوسکتا ہے۔ اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ سروے کی تفصیلات بھو بھارتی پورٹل پر اپ لوڈ کی جائے گی۔ عوام اسمارٹ فون کے ذریعہ اپنی اراضی کی تفصیلات دنیا میں کسی بھی مقام سے دیکھی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اراضیات سروے کے ذریعہ اراضی تنازعات کا مستقل طورپر حل تلاش کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مکمل شفافیت کے ساتھ اراضی سروے کا کام مکمل کریں۔ پرساد کمار نے کہا کہ سابق حکومت کے دور میں دھرانی پورٹل کے ذریعہ کسانوں اور عوام کے ساتھ ناانصافی کی گئی تھی۔ اس وقت کے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے وقار آباد کلکٹریٹ کے روبرو دھرانی پورٹل کے خلاف دھرنا منظم کرتے ہوئے کانگریس برسر اقتدار آنے پر انصاف کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا۔ کانگریس حکومت کی تشکیل کے فوری بعد دھرانی پورٹل منسوخ کرتے ہوئے بھو بھارتی قانون متعارف کیا گیا ۔ پرساد کمار نے کہا کہ کانگریس حکومت نے انتخابات سے قبل عوام سے کئے گئے تمام اہم وعدوں کی تکمیل کی ہے۔ آر ٹی سی میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت سے 10 ہزار کروڑ کی بچت ہوئی ہے۔ غریبوں کو 500 روپئے میں گیاس سلینڈر اور 200 یونٹ تک مفت برقی یونٹ سربراہ کی جارہی ہے ۔ آروگیہ شری کے تحت مفت علاج کی حد کو 5 سے بڑھاکر 10 لاکھ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال سے ریاست میں عوام کیلئے فیملی انشورنس اسکیم کا آغاز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں تلنگانہ کو 8 لاکھ کروڑ کا مقروض بنادیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف انتخابات کے وقت سیاست کرتے ہوئے پارٹیوں کو باقی ایام میں ترقیاتی اور فلاحی کاموں میں حکومت سے تعاون کرنا چاہئے۔1/k