ممبئی: انجمن اسلام کے صدر ڈاکٹر ظہیرقاضی نے شمال مغربی ممبئی کے ورسوا میں واقع انجمن اسلام ورسوایتیم خانہ کے لیے مشہور اداکارہ ثناء خان اور اُن کے شوہر مفتی انس کو برانڈ ایمبیسیڈر بنا نے کااعلان کیا ہے ۔صدر انجمن اسلام نے اس موقع پر کہاکہ جنگ آزادی میں سبھی کا حصہ رہا ہے اور 75 سال مکمل کرلینا ایک اہم ترین موقعہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ ابتداء سے ہی انجمن اسلام کے بانیوں نے ملک کی آزادی کی جدوجہد میں حصہ لیا اور اہم عہدوں پر فائز رہے ۔جن میں جسٹس بدرالدین طیب جی بمبئی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس بھی رہے تھے ۔مجاہدآزادی مصطفیٰ فقیہہ ،معین الدین حارث ،بیرسٹر عبدالرحمن انتولے بھی انجمن اسلام کے صدر رہ چکے ہیں۔واضح رہے کہ دونوں میاں بیوی نے یوم آزادی کی پرچم کشائی اور تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی تھی اور انہوں نے مہمان بنائے جانے پر مسرت کا اظہار کیا تھااور کہاکہ تعلیمی بیداری مہم میں حصہ لیناوقت کی ضرورت ہے ۔اس جلسہ میں موجود مفتی انس نے بھی کہاکہ انجمن اسلام جیسے تعلیمی، سماجی اور ثقافتی ادارے میں یوم آزادی کی تقریب میں شریک ہوکر وہ کافی جذباتی ہوگئے ہیں۔انہوں نے ڈاکٹر ظہیر قاضی کا انہیں مدعو کیے جانے اور ورسوا یتیم خانہ کا برانڈ ایمبیسیڈر بنانے پر شکریہ ادا کیا ۔تقریب میں انجمن اسلام کے جملہ عملے کے ساتھ عہدیداران اور معززین بھی موجودتھے ۔