انجینئرنگ کالجس کی نشستوں میں اضافہ کیلئے حکومت سے اجازت لازمی، تلنگانہ ہائی کورٹ کے احکامات

   

حیدرآباد۔/21 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے واضح کردیا کہ خانگی انجینئرنگ کالجس کو حکومت اور جے این ٹی یو کی اجازت کے بغیر کسی بھی کورس میں نشستوں میں اضافہ کا اختیار نہیں ہے۔ ہائی کورٹ نے کمپیوٹر سائینس کورس میں جاریہ سال 2500 نشستوں میں اضافہ سے متعلق کالجس کی درخواست کو مسترد کردیا۔ چیف جسٹس اجل بھویاں اور جسٹس وجئے بھاسکر ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے واضح کردیا کہ ریاست کے انجینئرنگ کالجس کو حکومت اور جواہر لال نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی حیدرآباد سے کسی بھی نئے کورس کے متعارف کرنے اور نشستوں میں اضافہ کے بارے میں اجازت حاصل کرنا لازمی ہے۔ عدالت نے کہا کہ اس سلسلہ میں حکومت سے این او سی حاصل کرنا ہوگا۔ عدالت نے کالجس کے اس استدلال کو مسترد کردیا کہ ریاستی حکومت اور جے این ٹی یو کو اختیار نہیں ہے کہ وہ آل انڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن کی جانب سے خانگی کالجس کو نشستوں میں اضافہ کی اجازت کو ختم کردے۔ آل انڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فیصلہ میں حکومت کی مداخلت کے خلاف کالجس نے شکایت کی۔ عدالت نے کہا کہ حکومت نے بنیادی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ مزید نئے کالجس یا کورسیس کی ضرورت نہیں ہے۔ر