حیدرآباد۔/11 ڈسمبر، ( راست ) بین کلیاتی پروگرام درشنی ایجو فیسٹ 7 ڈسمبر کو اندرا پریہ درشنی گورنمنٹ ڈگری کالج برائے نسواں نامپلی میں منعقد ہوا۔ جس میں بین کلیاتی سطح پر اندرا پریہ درشنی کالج کے علاوہ تلنگانہ کے مزید چار ڈگری کالجوں نے حصہ لیا۔ ان میں گورنمنٹ ڈگری کالج برائے نسواں گولکنڈہ ، گورنمنٹ ڈگری کالج برائے نسواں حسینی علم ، گورنمنٹ ڈگری کالج فلک نما اور گورنمنٹ ڈگری کالج چنچل گوڑہ کے طلباء وطالبات نے حصہ لیا۔ اس پروگرام میں گورنمنٹ ڈگری کالج گولکنڈہ سے طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے سائنس نمائش، ناکارہ پلاسٹک کا از سر نو استعمال، غیر کارکرد اشیاء کو کارکرد بنانا، فوڈ فیسٹ، باورچی خانہ اپنا بہترین دواخانہ‘ کے علاوہ سبز صنعت و حرفت جیسے موضوعات پر اسٹال لگائے ۔ علاوہ ازیں بعض طالبات نے ہینڈی کرافٹ میں وال ہینگنگ، جویلری میکنگ اور کھلونا سازی وغیرہ جیسی اشیاء تیار کرکے خواتین میں گھریلو صنعت کو فروغ دینے جیسے اُمور میں شعور بیدار کرایا۔ڈاکٹر کے سری نواسا راجو پرنسپل کی سرپرستی اور اکیڈیمک کوآرڈنیٹر کی ایماء پر ڈاکٹر این تلسی وائس پرنسپل گولکنڈہ کالج، محترمہ بی سچینا اسسٹنٹ پروفیسر کامرس ، محترمہ بی وجیا لکشمی لکچرر باٹنی ممبران نے درشنی ایجو فیسٹ میں اپنا فریضہ ادا کیا۔ پروگرام کا مقصد طلباء و طالبات میں سائنس اور صنعت و حرفت کے میدان میں اختراعی صلاحیتوں کو جلا بخشنا ہے۔ اس کے علاوہ باورچی خانہ میں تیار کردہ اشیاء سے صحت عامہ کے تئیں شعور بیدار کرنا ہے۔ مزید یہ کہ غیر کارکرد اشیاء کو کارکرد بناکر استعمال کرنے کی تحریک کو عوام و خواص میں عام کرتے ہوئے مجموعی شعور بیدار کرناتھا۔ سائنس نمائش کے ذریعہ بھی انسانی جسم کی فعالیت اور کارکردگی سے لوگوں کو روشناس کراناتھا کیونکہ اس کے ذریعہ نہ صرف قدرتی اشیاء کا تحفظ ممکن ہے بلکہ انسانی زندگی میں پیش آنے والی بیماریوں کے تدارک کیلئے علاج بذریعہ غذا کی تحریک کو عام کرنا ہے۔