اندھا دھند پرائیوٹائزیشن، پرینکا گاندھی کو تشویش

   

نئی دہلی : کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے ریلوے ، قومی شاہراہوں جیسے کئی سرکاری اثاثوں میں نجی شعبے کو شراکت دار بنانے کے مرکزی حکومت کے منصوبے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی محنت سے بنی ملک کی کروڑوں مالیت کی جائیداد موجودہ حکومت اپنے دوستوں کے حوالے کررہی ہے ۔ پرینکا نے ٹوئٹ کیاکہ آتم نربھر کا جملہ دیتے دیتے پوری حکومت کو ہی ارب پتی دوستوںپر منحصر کردیا گیا ہے۔سارا کام ان ہی ارب پتی دوستوں کیلئے ، تمام سرکاری املاک ان ہی کیلئے کے منتر پر کام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد ملک نے جو دولت بنائی ہے اسے مودی حکومت اندھا دھند پرائیوٹائزیشن کے نام پر فروخت کررہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مودی حکومت70برسوں میں ملک کے عوام کی محنت سے بنائی گئی لاکھوں کروڑروپے کی املاک برباد کررہی ہے۔وزیر فینانس نرملا سیتارمن نے پیر کو نیشنل مونیٹائزیشن پائپ لائن پروجیکٹ کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ سے متعلقہ کچھ اثاثوں میں آئندہ چار سال میں پرائیویٹ ہاتھوں کو حصہ دار بناکر 6 لاکھ کروڑ روپے جمع کیے جائیں گے ۔