انسانیت کیلئے عالمی سطح پر سعودی کا کردارقابل ستائش: بل گیٹس

   

نیویارک : مائیکرو سوفٹ کمپنی کے شریک بانی بل گیٹس نے انسانیت کے لیے عالمی سطح پر سعودی عرب کے عظیم کردار کو سراہا ہے۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بل گیٹس کا کہنا ہے کہ انسانیت کے لیے عالمی سطح پر سعودی عرب کا کردار قابلِ تعریف ہے، انسدادِ پولیو فنڈ جیسے عالمی منصوبے سعودی عرب کے قائدانہ کردار کی عکاسی کرتے ہیں۔بل گیٹس نے سعودی مسک فاؤنڈیشن اور بل ملنڈا فاؤنڈیشن کے درمیان تزویراتی شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ تزویراتی شراکت داری کا مقصد نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ وہ تعلیم اور شہریت کے عالمی معاملات میں جدت پر مبنی حل پیش کریں۔بل گیٹس نے یہ اعلان مِسک عالمی فورم کی سرگرمیوں میں شرکت کے دوران کیا۔اس موقع پر بل گیٹس نے ’مِسک عالمی فورم 2024ء‘ منصوبے کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے نوجوانوں کی سپورٹ اور انہیں با اختیار بنانے کے حوالے سے سعودی عرب کے قائدانہ کردار کو بھی سراہا۔ مِسک عالمی فورم 2024ء منصوبہ نوجوانوں کی مہارتوں کو ترقی دینے اور ان میں جدت کی روح اجاگر کرنے سے متعلق ہے۔