انفارمیشن ٹکنالوجی کی ترقی میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست : محمود علی

   

حیدرآباد۔/27 نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ کسی بھی ملک کی ترقی ممکن ہے۔ ہندوستان میں انفارمیشن ٹکنالوجی کے استعمال اور ترقی میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے۔ وزیر داخلہ مادھا پور میں واقع ٹی ہب میں منعقدہ تلنگانہ انفارمیشن ٹکنالوجی اسوسی ایشن کے 10 سالہ جشن اور ایوارڈ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں جو نئی تخلیقات منظرعام پر آرہی ہیں ان میں انفارمیشن ٹکنالوجی کا اہم رول ہے۔ انفارمیشن ٹکنالوجی نے دنیا کو گلوبل ولیج میں تبدیل کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ میں تلنگانہ نے ملک میں اپنی منفرد شناخت بنائی ہے۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کی مساعی سے حیدرآباد میں آئی ٹی بین الاقوامی کمپنیوں کا جال بچھادیا گیا ہے۔ کے ٹی آر نے اپنی محنت و لگن سے کئی بین الاقوامی کمپنیوں کو تلنگانہ میں مدعو کیا اور حکومت کی جانب سے تعاون کیا گیا۔ محمود علی نے کہاکہ بین الاقوامی کمپنیوں کے قیام سے سینکڑوں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع فراہم ہوئے۔ تلنگانہ کے قیام کے بعد سے چیف منسٹر کے سی آر انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ کو ترقی دے رہے ہیں اور حیدرآباد کے اطراف کمپنیوں کو اراضی فراہم کی گئی ہے۔
اس موقع پر بہترین کارکردگی پر آئی ٹی ملازمین اور طلبہ کو ایوارڈس پیش کئے گئے۔ انفارمیشن ٹکنالوجی اسوسی ایشن کے صدر سندیپ مکھتالہ، نائب صدر رانا پرتاپ، سکریٹری ونئے کمار اور ڈی آر ڈی او کے سائینسداں نارائن مورتی اس موقع پر موجود تھے۔ر