اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی سنگیت تقریب کی تیاریاں

   

ممبئی : ایشیا کی سب سے امیر ترین شخصیت مکیش امبانی کے سب سے چھوٹے بیٹے اننت امبانی کی شادی کے سلسلے میں خصوصی ’سنگیت تقریب‘ کا انعقاد کیا جائے گا۔ میڈیا ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق اننت امبانی کی شادی کے سلسلے میں منعقد ہونے والی ’سنگیت‘ کی تقریب کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں۔ یہ تقریب منفرد اور اہم ترین ہوگی جس میں روایت سے ہٹ کر جَلد ہی ایک ہونے والی جوڑی کی محبت کی کہانی کو پیش کیا جائے گا۔ سنگیت کی اس تقریب میں ناصرف بھارتی بلکہ غیر ملکی گلوکار بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ یاد رہے کہ اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی تقریبات جاری ہیں۔ اس جوڑی کے قریبی دوست سنگیت کی تقریب میں پرفارمنس دینے کے لیے تیاریوں میں مصروف ہیں۔ ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق آننت اور رادھیکا کی محبت کی کہانی کو ان کے دوست بطور ڈرامہ پیش کریں گے جس میں اس بات کی تصویر کشی کی جائے گی کہ یہ جوڑا آپس میں کس طرح ملا اور کیسے اِنہوں نے اپنی باقی زندگی ایک دوسرے کے ساتھ گزارنے کا فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی 12 جولائی کو ممبئی میں ایک شاندار تقریب سے شروع ہوگی۔