ممبئی : بالی ووڈ اداکارہ اننیا پانڈے کے مکان پر آج صبح نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے دھاوا کیا اور آرین خان ڈرگ کیس میں پوچھ تاچھ کیلئے دن میں 2 بجے بیورو کے آفس پر طلب کیا گیا تھا ۔اننیا پانڈے 2 بجے کے بجائے شام 4 بجے آفس پہنچی ۔ اننیا پانڈے سے تقریباً 2 گھنٹے تک پوچھ تاچھ کی گئی جس کے بعد وہ اپنے والد بالی ووڈ اداکار چنکی پانڈے کے ساتھ آفس سے باہر آئیں ۔ اننیا پانڈے کو دوبارہ جمعہ کی صبح 11 بجے پوچھ تاچھ کیلئے پھر طلب کیا گیا ہے ۔ اس پر ڈرگس کے کیس میں گٹھ جوڑ کا الزام ہے ۔ نارکوٹکس کنٹرول بیورو کو پارٹی کے دوران آرین خان کی اننیا پانڈے کے ساتھ ڈرگس کے مسئلہ پر بات چیت کے ثبوت ملے ہیں ۔ چہارشنبہ کو آرین خان کی ضمانت کی سنوائی کے موقع پر عدالت میں بات چیت کے پیامات پیش کئے گئے تھے ۔ این سی پی کے عہدیداروں نے اننیا پانڈے کا سیل فون ، لیپ ٹاپ اور دیگر الیکٹرانک آلات ضبط کرلئے تھے ۔ دوسری طرف آرین خاں کی این ڈی پی ایس کورٹ کے فیصلہ کے خلاف بمبئی ہائیکورٹ سے رجوع ہوچکے ہیں ۔نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی خصوصی عدالت نے آرین خاں اور ارباز مرچنٹ کے بشمول اس کیس کے آٹھ ملزمین کی عدالتی تحویل کو30اکٹوبر تک بڑھادیا ہے۔ملزمین کو جسمانی طور پر یا ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ عدالت میں پیش نہیں کیا گیا ۔قبل ازیں /7 اکٹوبر کو آرین خان کو 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا تھا ۔