حج2027 :تلنگانہ سے 5594 عازمین کا انتخاب

   

محفوظ زمرہ کے 1086 عازمین شامل ، 10 اگست تک پہلی قسط کی ادائیگی
حیدرآباد ۔30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) حج 2027 کے لئے حج کمیٹی آف انڈیا نے قرعہ اندازی کے ذریعہ تلنگانہ سے 4508 عازمین کا انتخاب کیا ہے جبکہ 1086 عازمین محفوظ زمرہ جات کے تحت منتخب قرار پائے ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2027 کیلئے تلنگانہ کو 5594 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا۔ ملک بھر کے عازمین کے انتخاب کے لئے آج قرعہ اندازی انجام دی گئی اور منتخب عازمین کو ایس ایم ایس کے ذریعہ اطلاع دی گئی۔ تلنگانہ کے 6114 عازمین کو ویٹنگ لسٹ میں رکھا گیا ہے۔ حج 2027 کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی کو جملہ 11708 درخواستیں موصول ہوئیں۔ 65 سال سے زائد عمر کے محفوظ زمرہ میں 818 ، محرم کے بغیر حج کی خواہشمند خواتین کی 82 اور حج 2026 کی ویٹنگ لسٹ میں 20 فیصد کے تحت 186 درخواستیں شامل ہیں ۔عام زمرہ کے تحت 10622 درخواستیں داخل کی گئیں۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے منتخب عازمین کو مبارکباد پیش کی اور حج مصارف کی پہلی قسط ادا کرنے کا مشورہ دیا۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے سرکولر جاری کرتے ہوئے منتخب عازمین کو 10 اگست تک حج مصارف کی پہلی قسط کے طور پر 152300 روپئے ادا کرنے کی ہدایت دی ہے جس میں 1,50,000 بطور اڈوانس حج مصارف ، 2000 روپئے دیگر مصارف اور 300 روپئے پروسیسنگ فیس کے طور پر ناقابل واپسی ہوں گے۔ پہلی قسط کی ادائیگی حج کمیٹی آف انڈیا کے ویب سائیٹ یا حج سویدھا ایپ کے ذریعہ ممکن ہے۔ منتخب عازمین اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی برانچ میں حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں رقم جمع کراسکتے ہیں۔ سرکولر میں کہا گیا ہے کہ مختصر مدتی حج اور باقی ادائیگی اور دستاویزات کے سلسلہ میں علحدہ سرکیولر جاری کیا جائے گا۔ منتخب عازمین سے خواہش کی گئی کہ وہ مقررہ تاریخ میں پہلی قسط ادا کردیں۔1/k