انوسٹ تلنگانہ گلوبل سمٹ کا پر وقار انعقاد کیا جائے: بھٹی وکرمارک

   

پرجا بھون میں جائزہ اجلاس، ریاست کو 3 ٹریلین ڈالر معیشت بنانے کا عزم
حیدرآباد، 27 نومبر(سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارک نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ ریاست تلنگانہ کی ہمہ جہت ترقی، صنعتی پیشرفت اور سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے ‘انویسٹ تلنگانہ گلوبل سمٹ 2026’ کا انتہائی شاندار اور باوقار انداز میں انعقاد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 7، 8 اور 9 دسمبر کو فیوچر سٹی میں ہونے والی اس بین الاقوامی چوٹی کانفرنس کے ذریعہ تلنگانہ کو سرمایہ کاری کیلئے ملک کا سب سے سازگار مقام بنا کر پیش کیا جانا چاہیے۔ڈپٹی چیف منسٹر نے پرجا بھون میں قائم سمٹ وار روم سے چیف سکریٹری سنجے جاجو، چیف منسٹر کے مشیر کے رام کرشنا راؤ، اسپیشل چیف سکریٹریز اور مختلف محکموں کے پرنسپل سکریٹریز و اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ انتظامات کی وقتاً فوقتاً کڑی نگرانی کی جائے اور وزراء کو پیشرفت سے مسلسل واقف کروایا جائے۔اس موقع پر بھٹی وکرمارک نے کہا کہ یہ عالمی سربراہی اجلاس 2047 تک تلنگانہ کو 3 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ویژن کی تکمیل کیلئے کلیدی پلیٹ فارم ثابت ہونا چاہیے۔ انہوں نے عہدیداروں کو حکم دیا کہ ریاست میں بھاری سرمایہ کاری کو راغب کرنے و مقامی نوجوانوں کو روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرنے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ معروف صنعت کاروں سمیت 1,700 سے زائد مندوبین نے شرکت کی توثیق کر دی ، لہٰذا اس عالمی تقریب کو کامیاب بنانے تمام ضروری سہولیات کی فراہمی اور جامع اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔-2