حیدرآباد ۔ 28 مئی (سیاست نیوز) قومی تعلیمی پالیسی 2020ء کے مقابل ایک بڑی تبدیلی میں تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے ابھرتے انجینئرنگ اور ڈیٹا سائینس کورسیس میں نئے کورسیس شروع کرتے ہوئے موجودہ دو سالہ انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کو مکمل تبدیل کرنے کیلئے ریاستی حکومت کو تجاویز روانہ کئے ہیں۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے ذرائع کے مطابق بورڈ نے تعلیم پر ایک جائزہ اجلاس کے دوران چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی ہدایت کے بعد بورڈ نے یہ فیصلہ کیا ہے جس میں انہوں نے طلبہ کیلئے مفید نئے کورسیس پر توجہ دینے کیلئے کہا۔ چنانچہ بورڈ نے نئے کورسیس شروع کرنے پر توجہ دینے کیلئے کمیٹیاں مقرر کیں جو سائنس، سوشل سائنس اور ہیومانٹیز اسٹریمس میں شروع کئے جاسکتے ہیں۔ ان کمیٹیوں کی رپورٹس موصول ہونے کے بعد بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے تعلیمی سال 2022-23ء سے ڈیٹا سائنس، ڈیٹا انالائسیس، مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ، سائبر سیکوریٹی، نیٹ ورکنگ، سافٹ ویر انجینئرنگ، پبلک پالیسی کورسیس شروع کرنے حکومت کی اجازت کیلئے ریاستی حکومت کو تجاویز روانہ کئے ہیں۔