انٹرمیڈیٹ سال اول و دوم کے 18اپریل کو نتائج

   

ریاستی بورڈ آف ایجوکیشن سکریٹری ڈاکٹر اشوک کا بیان ، تجسس کا بالآخر خاتمہ

حیدرآباد۔15 اپریل ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں گذشتہ ماہ منعقدہ امتحانات انٹرمیڈیٹ سال اول و دوم کے نتائج 18اپریل کو جاری کئے جائیں گے ۔ تلنگانہ ریاستی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن سکریٹری ڈاکٹر اشوک نے اپنے ایک بیان میں یہ بات کہی اور اس طرح گذشتہ چند دنوں سے انٹرمیڈیٹ امتحانی نتائج کی اجرائی سے متعلق پایا جانے والا تجسس بالآخر آج ختم ہوگیا اور باقاعدہ طور پر تلنگانہ ریاستی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے اپنے بیان میں نتائج کی اجرائی سے متعلق تاریخ کا اعلان کیا اور بتایا کہ یوں تو انٹرمیڈیٹ سال اول و دوم کے امتحانی پرچوں کی جانچ کا کام ماہ اپریل کے پہلے ہفتہ میں ہی مکمل کرلیا گیا تھا لیکن نتائج کی تیاری میں اتفاقی طور پر کوئی غلطیوں وغیرہ کے سرزد نہ ہونے کی خاطر نتائج کو قطعیت دیئے جانے کے بعد پھر ایک بار نتائج کا تفصیلی جائزہ لئے جانے کے باعث نتائج کی اجرائی میں چند دن کی تاخیر ہوئی اور اس تاخیر کی وجہ سے طلباء و طالبات میں تجسس و بے چینی بڑھتی جارہی تھی اور گذشتہ پانچ دنوں کے دوران طلباء و طالبات اپنے امتحانی نتائج کے منتظر دکھائی دے رہے تھے ۔ بالخصوص دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ و آندھراپردیش میں ایک ساتھ انٹرمیڈیٹ سال اول و دوم کے امتحانات منعقد کئے گئے تھے لیکن ریاست آندھراپردیش میں جاریہ ماہ 12اپریل کو ہی انٹرمیڈیٹ کے امتحانی نتائج جاری کردیئے گئے ۔ اس طرح ریاست آندھراپردیش میں نتائج کی اجرائی کے پیش نظر طلبہ وغیرہ میں پائی جانے والی بے چینی و تجسس کو ختم کرنے کیلئے بالآخر آج تلنگانہ ریاستی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کو امتحانی نتائج کی تاریخ کا اعلان کرنے پر مجبور ہونا پڑا ۔ بتایا جاتا ہیکہ تعلیمی سال اول و دوم میںجملہ 9,42,719 طلباء و طالبات نے شرکت کئے اور گذشتہ ماہ منعقدہ امتحانات کے سلسلہ میں جملہ 1300 امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے ۔