انٹرمیڈیٹ نتائج کے متاثرہ طلبہ کے ساتھ انصاف کرنے چیف سکریٹری کو یادداشت

   

حیدرآباد ۔ 25 مئی (سیاست نیوز) کانگریس، تلنگانہ جناسمیتی اور سی پی آئی کے قائدین اور انٹرمیڈیٹ نتائج میں بے قاعدگیوں کے باعث متاثر ہونے والے طلبہ کے والدین پر مشتمل ایک وفد نے آج حکومت کو ایک یادداشت پیش کی جس میں ان کے مطالبات کو پورا کرنے پر زور دیاگیا جس میں خودکشی کرنے والے طلبہ کے ضرورتمند خاندانوں کو 50 لاکھ روپئے ایکس گریشیا دینا شامل ہے۔ ایم آر جی ونود ریڈی، جنرل سکریرٹی تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی، ڈاکٹر ڈی سدھاکر، سی پی آئی اور ٹی جے ایس کے رمن سنگھ اور دوسروں پر مشتمل وفد نے اس سلسلہ میں چیف سکریٹری، حکومت تلنگانہ مسٹر ایس کے جوشی کو ایک یادداشت پیش کی۔ وفد کے ارکان نے الزام عائد کیا کہ انٹرمیڈیٹ بورڈ کی کوتاہیوں اور غلطیوں کے باعث غلط نتائج کی وجہ کئی طلبہ نے خودکشی کی اور لاکھوں طلبہ کو ذہنی تکلیف پہنچی ہے۔ انہوںنے کہا کہ تقریباً 26 طلبہ کے خودکشی کرنے کی اطلاعات ہیں۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے عہدیدار طلبہ کے مسائل کی سنوائی کرنے کے بجائے پولیس فورس کو استعمال کرتے ہوئے طلبہ اور اولیائے طلباء کو گرفتار کیا۔