انٹرنیٹ خدمات میں جیو اور ایرٹیل کو ملک بھر میں سبقت

   

مسابقت کے نتیجہ میں عوام کو بہتر خدمات، جنوبی ہند کی ریاستوں میں ایرٹیل کا غلبہ
حیدرآباد 16 جون (سیاست نیوز) انٹرنیٹ کے استعمال میں دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ ساتھ ہندوستان بھی نمایاں طور پر زندگی کے بیشتر شعبوں میں انٹرنیٹ کے استعمال کو ترجیح دے رہا ہے۔ عصری ٹیکنالوجی اور خاص طور پر آرٹیفیشل انٹلی جنس جیسی صلاحیتوں سے استفادہ کے لئے انٹرنیٹ لازمی ہے۔ حکومت اور خانگی شعبہ کی بیشتر خدمات سے استفادہ انٹرنیٹ کے بغیر ممکن دکھائی نہیں دیتا۔ ہندوستان میں انٹرنیٹ خدمات کی فراہمی میں 2 خانگی کمپنیوں نے اپنا غلبہ برقرار رکھا ہے۔ یوں تو سرکاری سطح پر بھی بعض ادارے انٹرنیٹ خدمات فراہم کرتے ہیں لیکن جیو اور ایرٹیل نے دیگر اداروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ مغربی اور مشرقی علاقوں کے علاوہ وسطی ہندوستان کے بیشتر علاقوں پر جیو انٹرنیٹ کا قبضہ ہے جبکہ ایرٹیل نے جنوبی، شمالی اور شمال مشرقی ریاستوں میں انٹرنیٹ خدمات کے ذریعہ اپنی شناخت بنائی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایرٹیل اور جیو میں مسابقت کے نتیجہ میں صارفین کو انٹرنیٹ سے متعلق بہتر خدمات حاصل ہورہی ہیں۔ ہر مختصر مدت کے بعد یہ کمپنیاں نیٹ ورک کو بہتر بنانے کے لئے کوئی نہ کوئی نئی اسکیم کا آغاز کررہے ہیں۔ ہندوستانیوں کو انٹرنیٹ خدمات کے معاملہ میں زیادہ تر انحصار اور اعتبار جیو اور ایرٹیل پر دکھائی دے رہا ہے۔V/1/k/b