انٹر میڈیٹ کلاسیس کیلئے 68 دن اور 3 مئی سے امتحانات زیر غور

   

حیدرآباد۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن یکم فروری سے شروع ہونے والی کلاسیس کیلئے تقریباً 68 دن کے تعلیمی منصوبہ پر غور کررہا ہے جبکہ انٹر میڈیٹ امتحانات کا آغاز 3 مئی سے ہوسکتا ہے۔ ریاستی حکومت نے تمام تعلیمی اداروں بشمول جونیر کالجس کو یکم فروری سے کھولنے کا فیصلہ کیا۔ یہ کلاسیس اپریل کے ختم تک منعقد کی جائیں گی۔ امتحانات سے قبل بورڈ آف انٹر میڈیٹ پریکٹیکل امتحانات منعقد کرے گا۔ جونیر کالجس کی کشادگی پر سال دوم کے طلبہ کیلئے ایک دن اور سال اول کے طلبہ کیلئے دوسرے دن کلاسیس منعقد کرنے کا منصوبہ ہے۔ کلاسیس میں طلبہ کے درمیان 6 فیٹ کا فاصلہ اور دیگر کوویڈ قواعد پر عمل آوری کو یقینی بنایا جائے گا۔ ہر کلاس میں طلبہ کی تعداد 30 سے زیادہ نہیں ہوگی۔آن لائن ؍ ڈیجیٹل کلاسیس بھی جاری رہیں گی۔