کمانڈ کنٹرول سنٹر کا قیام، کالجس میں سی سی کیمروں سے منسلک کئے جائیں گے
حیدرآباد ۔ 18 جنوری (سیاست نیوز) انٹرمیڈیٹ بورڈ نے سالانہ تھیوری اور پریکٹکل امتحانات کے انعقاد کی مزید سخت نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کیلئے حیدرآباد میں انٹربورڈ کے دفتر میں ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کیا جائے گا۔ جہاں سے ریاست کے مختلف اضلاع میں منعقد ہونے والے امتحانات پر نظر رکھی جائے گی۔ ریاست میں 3 تا 22 فبروری تک تقریباً ایک ہزار مراکز میں پریکٹس انٹر امتحانات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ انہیں سختی سے نافذ کرنے کیلئے ہر لیاب میں ایک کیمرہ، لیاب کے سامنے دوسرا کیمرہ نصب کیا جارہا ہے جس کو کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر سے منسلک کردیا جائے گا۔ امتحانات کی نگرانی کیلئے خصوصی عملہ مقرر کیا جائے گا اور انہیں نگرانی کی ذمہ داری تفویض کی جائے گی۔ لیباریٹیز میں سی سی کیمرے اور انٹربورڈ میں سی سی سی کیمروں کی تنصیب اور کنکشن کیلئے ٹنڈرس طلب کیا گیا ہے۔ پریکٹس ٹسٹ کی تکمیل کے بعد انہیں امتحانی مراکز کے احاطے اور سوالیہ پرچے کھولنے والے کمروں میں بھی نصب کیا جائے گا۔ ریاست بھر میں انٹرسال اول سال دوم کے امتحانات کیلئے 9.50 لاکھ امیدوار امتحانات میں شریک ہورہے ہیں۔ صرف پریکٹس امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ کی تعداد تقریباً 3.50 لاکھ ہوگی۔ انٹر بورڈ کے سکریٹری کرشنا آدتیہ نے بتایا کہ ماضی کی طرح امتحانی مراکز کے اہم علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمرے ہوں گے لیکن اس بار ان کی تعداد میں تھوڑا اضافہ کیا جائے گا جب ان سے پوچھا گیا کہ ڈسٹرکٹ انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے حکام کو لیاب میں سی سی ٹی وی کیمرے تنصیب کرنے کے بارے میں اطلاع نہ دینے کی وجہ طلب کرنے پر انہوں نے بتایا کہ ابھی ٹنڈرس طلب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری کالجس کے لیابس میں کیمرے ہم ہی لگائیں گے جبکہ خانگی کالجس کے انتظامیہ کو خود سی سی کیمرے تنصیب کرلیں۔ انہیں بھی کمانڈ کنٹرول سنٹر سے جوڑ دیا جائے گا۔2