حیدرآباد۔/5 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے انٹر میڈیٹ امتحانات کے ہال ٹکٹ کی عدم اجرائی پر ایک خانگی کالج کے خلاف برہمی کا اظہار کیا ہے۔ سینک پوری علاقہ میں واقع بھونس شری آرابندو جونیر کالج کے انتظامیہ پر ہائی کورٹ نے برہمی کا اظہار کیا۔ کالج انتظامیہ نے امیدوار کی جانب سے ٹرانسفر سرٹیفکیٹ داخل نہ کرنے کا بہانہ بناتے ہوئے انٹر میڈیٹ امتحانات کا ہال ٹکٹ جاری نہیں کیا تھا جس پر امیدوار کی جانب سے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔ عدالت نے کالج انتظامیہ کو امیدوار کا ہال ٹکٹ فوری جاری کرنے کی ہدایت دی۔ عدالت نے بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کو ہدایت دی ہے کہ مذکورہ امیدوار کے امتحانی نتیجہ کو جاری کئے بغیر اسے مہربند لفافہ میں عدالت کو پیش کیا جائے۔ کملا نگر سے تعلق رکھنے والی طالبہ سریندھی نے جس اسکول میں تعلیم حاصل کی تھی وہاں فیس کی عدم ادائیگی کے نتیجہ میں اسکول انتظامیہ نے سریندھی کو ٹرانسفر سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا تھا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ بھونس کالج نے ٹی سی کے بغیر ہی انٹرمیڈیٹ میں داخلہ دیا اور اب امتحانات سے عین قبل ٹی سی کا مطالبہ کرتے ہوئے ہال ٹکٹ جاری نہیں کیا۔ عدالت نے کالج پرنسپل کو ہال ٹکٹ جاری کرنے کی ہدایت دی۔1