انٹیگریٹیڈ اسکولس کی تعمیر پر 5000 کروڑ کے اخراجات: اتم کمار ریڈی

   

تمام طبقات کو معیاری تعلیم حکومت کا منصوبہ
حیدرآباد۔/22 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی و سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت سماج کے تمام طبقات کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے عہد پر پابند ہے۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے تعلیم کو عام کرنے کی مساعی میں خانگی اداروں کو حصہ لینے کا مشورہ دیا۔ اتم کمار ریڈی ڈاکٹر بی آر امبیڈ کر ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ کی الومنی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ ادارہ کی گولڈن جوبلی تقاریب کے ضمن میں یہ تقریب منعقد کی گئی تھی۔ اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار، وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر، ارکان اسمبلی ناگراجو، ویویک وینکٹ سوامی، رکن پارلیمنٹ جی ومشی کرشنا، سابق وزیر ڈاکٹر شنکر راؤ، کالج کے سکریٹری اور سابق وزیر جی ونود اور دوسرے موجود تھے۔ اتم کمار ریڈی نے تلنگانہ میں شعبہ تعلیم کی ترقی کے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولوں کی تعمیر کا آغاز ہوچکا ہے جس کے تحت بارہویں جماعت تک بین الاقوامی معیار کی انگلش میڈیم تعلیم مفت فراہم کی جائے گی۔ انٹیگریٹیڈ اسکولس 20 تا 25 ایکر اراضی پر قائم کئے جارہے ہیں جس میں ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی طبقات کے طلبہ کو کارپوریٹ طرز کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ 16 اسمبلی حلقہ جات میں انٹیگریٹیڈ اسکول کامپلکس کی تعمیر کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 119 اسمبلی حلقہ جات میں اسکولوں کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس اسکیم پر حکومت 5 ہزارکروڑ خرچ کرے گی۔1