جکارتہ: انڈونیشیا کے بحیرہ ارافورا میں ایک کشتی ڈوبنے سے لاپتہ ہونے والے 15 ماہی گیروں کی تلاش جاری ہے ۔انڈونیشیا کے صوبے پاپوا کے ضلع میروکے میں سرچ اور ریسکیو آفس کے ترجمان درماوان ویدی نے بتایا کہ کے ایم سیتیا مکمور 06 کشتی گزشتہ ہفتے خراب موسم کی وجہ سے سمندر کی تیز لہروں کی زد میں آکر ڈوب گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد تلاش اور بچاؤ آپریشن شروع کیا گیا۔ جائے وقوعہ کے قریب آپریشن میں مدد کیلئے کئی دیگر ماہی گیر کشتیوں کو بلایا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ کشتی میں 25افراد سوار تھے جن میں سے 10 افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے تاہم 15 دیگر تاحال لاپتہ ہیں۔ لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے آج بحری جنگی جہاز کی مدد بھی لی جائے گی۔