تجارتی اور ثقاقتی شعبہ جات میں باہمی تعاون کا فیصلہ، آئی ٹی اور دیگر شعبہ جات کو ترجیح
حیدرآباد ۔3۔فروری (سیاست نیوز) انڈو ترکی فرینڈشپ اسوسی ایشن نے حیدرآباد کے اسٹارٹ اپ ٹی ہب کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں۔ ہندوستان اور ترکی کے درمیان تہذیبی ، ثقافتی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے یہ معاہدہ کیا گیا۔ جوبلی ہلز میں واقع ترکش کونسل جنرل میں انڈو ترکی فرینڈشپ اسوسی ایشن کے افتتاحی پروگرام میں یہ معاہدہ طئے پایا۔ معاہدہ کے نتیجہ میں دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ صنعت کاروں کیلئے اسٹارٹ اپ کے قیام اور دیگر امور میں باہمی تعاون کی راہ ہموار ہوگی۔ ہندوستان اور ترکی عالمی معیشت اور ٹکنالوجی کے شعبہ میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ یادداشت مفاہمت کے تحت صنعت کاروں کو اپنے پراڈکٹس کی مارکیٹنگ اور دیگر امور کے سلسلہ میں باہمی تعاون میں مدد ملے گی۔ انفارمیشن ٹکنالوجی، سافٹ ویر ، فارماسیوٹیکلس ، ڈیفنس ، ایرو اسپیس ، سائبر سیکوریٹی اور قابل تجدید توانائی جیسے شعبہ جات میں دونوں ممالک کے ادارے سرمایہ کاری کو یقینی بنائیں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان آرٹیفیشل انٹلیجنس اور تعلیمی میدان میں باہمی تعاون کا فیصلہ کیا گیا۔ زراعت ، ٹکسٹائلس، مشنری لاجیسٹک اور سپلائی چین سیکٹرس میں دونوں ممالک کے صنعتی ادارے باہمی طور پر کام کریں گے۔ ٹی ہب کے چیف اگزیکیٹیو آفیسر سجیت جاگیردار اور پرنسپل سکریٹری انفارمیشن ٹکنالوجی جیشن رنجن کے علاوہ ترکی کے کونسل جنرل ارہان یلمان اوکان اور فرینڈشپ اسوسی ایشن کے فیض خاں اس موقع پر موجود تھے۔1