انڈیا اتحاد اور ملک کے نوجوان آج پھر سڑکوں پر اتریں گے

,

   

راہول گاندھی کا اعلان‘سپریم کورٹ تک مارچ اور چیف جسٹس نے ملاقات سے انکار کردیا

نئی دہلی۔11؍اکتوبر ( ایجنسیز)چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفیٰ کے مطالبے کو لے کر دہلی سمیت ملک کے دیگر مقامات پر جاری احتجاج کے درمیان راہول گاندھی نے بڑا علان کیا ہے۔ انہوں نے ایکس پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ 12 اکتوبر کو کانگریس، انڈیا اتحاد اور ملک کے نوجوان ایک بار پھر بڑی تعداد میں سڑکوں پر اتریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پیر کو سپریم کورٹ تک مارچ کیا جائے گا۔ ہفتہ 10 اکتوبر کو ہوئے مظاہرہ کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے راہول گاندھی ے لکھاکہ امیت شاہ کی دہلی پولیس خود تو غنڈہ گردی پر اتر ہی آئی، آر ایس ایس اور بی جے پی کے اصلی غنڈوں کو بھی خواتین اور نوجوانوں پر تشدد کرنے کی کھلی چھوٹ اور بڑھاوا دے رہی ہے۔ راہول گاندھی مزید لکھا کہ جیسا کہ میں نے کہا تھا، موگیمبو مودی اور اس کی حکومت جتنا دبائے گی جین۔زی اور طلبہ کا غصہ اتنا ہی بڑھے گا۔ پیر 12 اکتوبر کو کانگریس، پورا انڈیا اتحاد اور ملک کے نوجوان بڑی تعداد میں ایک بار پھر سڑکوں پر اتریں گے اور اس بار بھی آواز پورے ملک میں گونجے گی، پہلے سے کہیں زیادہ۔ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ امیت شاہ، جتنی پولیس لانی ہے، 10 ہزار، 20 ہزار، 40 ہزار، لے آئیے۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کے جتنے غنڈوں کو بلانا ہے، بلا لیجیے۔ ہم ڈرنے والے نہیں ہیں، پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔ یہ لڑائی اب رکنے والی نہیں ہے! راہول گاندھی نے یہ بھی لکھا کہ پیر کو ہم چیف جسٹس سے بھی ملاقات کریں گے اور مطالبہ کریں گے کہ جب دہلی کی سڑکوں پر آئین کو تار تار کیا جا رہا ہے اور جمہوریت کو کچلا جا رہا ہے تب قانون کے محافظ آنکھوں پر پٹی ڈال کر نہیں بیٹھ سکتے۔ آئین کی دھجیاں اڑائی جائیں گی اور ہم خاموش بیٹھے رہیں گے؟ ایسا ہرگز نہیں ہوگا۔ ہم جواب دہی طے کروا کر رہیں گے!تازہ اطلاع کے مطابق چیف جسٹس نے ملاقات سے انکار کردیا۔