ملک کی سیاسی صورتحال اور حکومت کی پالیسیوں پر غور ہوگا
نئی دہلی۔ 7 جون (یواین آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے انڈیا اتحاد کی پیر کے روز یہاں ہونے والی میٹنگ میں 23 جماعتوں نے شرکت کی تصدیق کر دی ہے ۔کانگریس کے شعبہ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ کنسٹی ٹیوشن کلب آف انڈیا میں منعقد ہونے والی اس میٹنگ میں انڈیا اتحاد کی 23 جماعتیں شریک ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ان جماعتوں کی جانب سے میٹنگ میں شرکت کی باضابطہ تصدیق موصول ہو چکی ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ بعض جماعتیں اپنی مخصوص وجوہات کی بنا پر اس اجلاس میں شرکت نہیں کر سکیں گی تاہم انہوں نے حکومت ہند کی پالیسیوں اور اقدامات پر سخت اعتراضات کا اظہار کیا ہے ۔جے رام رمیش نے الزام لگایا کہ حکومت کی پالیسیاں لاکھوں افراد کے حقِ رائے دہی کو متاثر کر رہی ہیں، آئین پر حملہ آور ہیں اور تحقیقاتی اداروں کا استعمال اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے باعث عام لوگوں کا گھریلو بجٹ متاثر ہوا ہے ، کروڑوں افراد کے روزگار اور معاش پر منفی اثر پڑا ہے اور نوجوانوں کی امیدوں اور امنگوں کو دھکہ لگا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ملک میں سرمایہ کاری کے ماحول اور خارجہ پالیسی کے حوالے سے بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔کانگریس رہنما نے کہا کہ جس طرح ہندوستان اپنی گوناگونی کے باوجود متحد ہے ، اسی طرح انڈیا اتحاد بھی اپنے تنوع کے ساتھ متحد ہے اور جمہوریت، آئین اور عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے مشترکہ جدوجہد جاری رکھے گا۔