انڈیگو ایر لائنس میں 10 فیصد عملہ کی تخفیف کا فیصلہ

   

کورونا کے پیش نظر اخراجات میں کمی کے لیے کمپنی کے متعدد اقدامات
حیدرآباد۔ملک کی سب سے بڑی خانگی ہوابازی کمپنی انڈیگو ائیر لائنس نے اپنے جملہ عملہ میں 10 فیصد کی تخفیف کا فیصلہ کیا ہے اس کے علاوہ اخراجات میں کمی لانے کیلئے متعدد اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔کورونا وائرس کی وباء کے سبب متاثر ہونے والے معاشی نظام میں بیشتر کمپنیوں کی حالت انتہائی ابتر ہوتی جار ہی ہے جن میں ائیر لائنس بھی شامل ہیں۔انڈیگو ائیر لائنس کے چیف ایگزیکیٹیو آفیسر مسٹر رانا جائے دتا نے بتایا کہ جن ملازمین کو کمپنی کی جانب سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے انہیں تین ماہ کی تنخواہ ‘ گریجویٹی ‘ بونس کے علاوہ تین ماہ کا میڈیکل انشورنس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انڈیگو ائیرلائنس میں جہاں مالی سال 2019کے خاتمہ کے وقت 23ہزار 531 ملازمین خدمات انجام دیا کرتے تھے ان میں 10 فیصد ملازمین کی تخفیف کا فیصلہ کیاگیا ہے جو کہ 2350سے زائد ہوتے ہیں۔انڈیگو کے علاوہ ملک میں چلائی جانے والی دیگر خانگی ائیر لائنس کمپنیوں کی جانب سے بھی مختلف طریقوں سے اخراجات میں کمی لاتے ہوئے کمپنی کو نقصان سے بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔انڈیگو کی جانب سے 10 فیصد ملازمین کو ملازمتوں سے ہٹانے کے فیصلہ کے بعد کہا جار ہاہے کہ اب یہ جو سلسلہ شروع ہوگا اس پر کئی اور کمپنیوں بالخصوص ہوا بازی کے شعبہ میں موجود کمپنیوں سے ملازمین کو نکالنے کے اقدامات کئے جانے لگیں گے۔شہری ہوابازی کے شعبہ سے ملازمین کی برخواستگی کے فیصلہ کی صورت میں ملک کے شہری علاقوں میں بے روزگاری کی شرح میں اضافہ کاخدشہ ظاہر کیا جانے لگا ہے۔ائیر انڈیا کی جانب سے 10 سے 60فیصد تنخواہوں میں آئندہ 5سال کی تک کی کٹوتی کا فیصلہ کیا ہے جبکہ انڈیگو کی جانب سے 30 فیصد تنخواہوں میں کٹوتی کے فیصلہ کے ساتھ 10 فیصد ملازمین کو نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اسپائس جیٹ کی جانب سے 30 فیصد تنخواہ میں کٹوتی کے علاوہ بلا اجرت رخصت پر جانے اور گھنٹے کے اعتبار سے تنخواہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔گو ائیر کے ملازمین اپریل سے بلا اجرت رخصت پرہیں ائیر ایشیاء نے بھی تنخواہوں میں کٹوتی کی ہے اس کے علاوہ وستارا نے مختلف زمروں میں 20 فیصد تک تنخواہوں میں کٹوتی کا فیصلہ کیا ہے ۔ان فیصلوں کے سبب شہری ہوابازی کے ملازمین پریشان ہیں۔