2020 دہلی فسادات:
نئی دہلی۔14؍جولائی ( ایجنسیز )دہلی کی کڑکڑڈوما عدالت 23 جولائی کو 2020 دہلی فسادات کے دوران آئی بی افسر انکت شرما کے قتل کیس میں قصوروار طاہر حسین سمیت پانچ افراد کی سزا کا فیصلہ سنائے گی۔ ایڈیشنل سیشن جج پروین سنگھ نے یہ حکم جاری کیا۔طاہر حسین کے علاوہ اس کیس میں سزا پانے والے ملزمین میں ناظم، قاسم، انس اور جاوید شامل ہیں۔ عدالت نے جن ملزمین کو بری کیا ان میں حسین عرف ملاجی عرف سلمان، سمیر خان، فیروز، گلفام، شعیب عالم عرف بوبی اور منتظر عرف موسی شامل ہیں۔واضح رہے کہ دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے اس معاملے میں 3 جون 2020 کو چارج شیٹ داخل کی تھی۔ کرائم برانچ کی چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ 24 اور 25 فروری 2020 کو طاہر حسین نے چاند باغ پلیا کے قریب اپنے گھر اور مسجد سے ایک ہجوم کی قیادت کی اور اس واقعہ کو فرقہ وارانہ شکل دی۔ چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ انکت شرما کے قتل کی سازش رچی گئی تھی۔ انکت شرما کو طاہر حسین کی قیادت میں ایک ہجوم نے خاص طور پر نشانہ بنایا۔ یہ واقعہ کھجوری خاص کے علاقے میں طاہر حسین کے گھر کے باہر پیش آیا۔انکت شرما کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ڈاکٹروں کو تیز دھار ہتھیار سے 51 وار کے زخم ملے۔ چارج شیٹ میں طاہر حسین کو ماسٹر مائنڈ کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ شمال مشرقی دہلی میں فروری 2020 میں ہونے والے فسادات میں 53 افراد ہلاک اور تقریباً 200 زخمی ہوئے تھے۔