انکیتا بھنڈاری معاملہ،راہول کا صدر جمہوریہ کو مکتوب

   

دشینت گوتم کی گورنرسکم کے عہدہ پر تقرری پر نظر ثانی کی اپیل
نئی دہلی، 15 اکتوبر (یو این آئی) کانگریس قائد راہول گاندھی نے انکیتا بھنڈاری قتل کیس کے حوالے سے جمعرات کے روز صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو خط لکھ کر دشینت گوتم کی سکم کے گورنر کے عہدے پر تقرری پر نظر ثانی کرنے کی اپیل کی ہے ۔راہول نے خط میں صدر جمہوریہ سے گزارش کی کہ معاملے کی جانچ مکمل ہونے تک دشینت گوتم کو عہدہ سنبھالنے کی اجازت نہ دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ 19 سالہ انکیتا بھنڈاری نے ایک وی آئی پی کیلئے اپنی عزت و وقار پر سمجھوتہ کرنے سے انکار کر دیا تھا، جس کی وجہ سے اس کا قتل کر دیا گیا۔ چار سال بعد بھی سی بی آئی کی جانچ میں تاخیر کی وجہ سے یہ سوال برقرار ہے کہ آخر وہ وی آئی پی کون تھا۔ انہوں نے کہا کہ انکیتا کے اہل خانہ سمیت متعدد لوگوں کا ماننا ہیکہ دشینت گوتم اس معاملے سے جڑے ہوئے ہیں۔ ایسے میں ان کی سکم کے گورنر کے طور پر تقرری سے وہ شدید صدمے میں ہیں۔ انہوں نے خط میں یہ بھی دعویٰ کیا کہ گورنر کے عہدے پر رہتے ہوئے ان کے خلاف کوئی فوجداری کارروائی نہیں ہو سکتی۔