انگلینڈ ٹسٹ نہیں جیت سکتا:گمبھیر

   


نئی دہلی ۔ ہندوستانی سابق اوپنرگوتم گمبھیر نے کہا ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم اس اسپن شعبہ کے ساتھ ہندوستان کے خلاف ایک بھی ٹسٹ میچ نہیں جیت سکتی ہے ۔ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان 5 فروری سے چار ٹسٹ میچوں کی سیریز ہونی ہے ۔ گمبھیر کا ماننا ہے کہ ورلڈ چیمپین انگلینڈ کی ٹیم ہندوستان کے خلاف اس اسپن بولنگ سے ٹسٹ مقابلے میں ٹکر نہیں لے سکتی ہے اور ہندوستان یہ سیریز0-3 یا1-3 سے جیت سکتا ہے ۔گمبھیر نے اسٹار اسپورٹس کے شوگیم پلان میں کہا مجھے لگتا ہے کہ ہندوستان یہ سیریز 0-3 یا1-3 سے جیت سکتا ہے ۔ انگلینڈ کے لئے فضا کو دیکھتے ہوئے گلابی گیند سے کھیلے جانے والے ڈے نائٹ ٹسٹ مقابلے میں کچھ امکانات ہیں لیکن مجھے نہیں لگتا کہ انگلینڈ اس اسپن شعبہ سے کوئی ٹسٹ میچ جیت سکتا ہے ۔ گمبھیر نے ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کوہلی ٹیم کے کپتان ہیں اور مجھے یقین ہے کہ وہ بھی اتنے ہی خوش ہوں گے جتنا کہ دیگر ٹیم کے کھلاڑی ہیں۔ کوہلی نے ٹسٹ کرکٹ میں کافی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ میں نے ہمیشہ ان کی ٹونٹی20 کپتانی پر سوال اٹھائے ہیں اورکبھی بھی ونڈے یا ٹیسٹ کپتانی پر سوال نہیں اٹھائے ہیں۔ ہندوستان نے کوہلی کی قیادت میں کافی عمدہ مظاہرہ کیا ہے بالخصوص لال گیند کے کرکٹ میں اور مجھے یقین ہے کہ ٹیم کوہلی کی کپتانی میں آگے بھی بہتر کرے گی۔انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں جیت کی اہمیت کے بارے میں انہوں نے کہا تمام کرکٹرزکہتے ہیں کہ سنچری بنانے سے زیادہ ٹیم کی جیت کے لئے ضروری ہے زیادہ سے زیادہ رنز بنانا ۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ کوہلی نے آسٹریلیا میں بیٹنگ نہیں کی ہے ۔