انگلینڈ کے خلاف بھی پاکستان کو وائیٹ واش شکست

   

لیڈز ۔20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ نے ونڈے کی سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں پاکستان کو54 رنز سے شکست دے کر 0-4 سے سیریز جیت لی۔ پہلا میچ بارش کے باعث بغیر نتیجہ پر ختم ہو گیا تھا۔ لیڈز میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں انگلینڈ کے کپتان ایان مورگن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مورگن ایک میچ کی پابندی کے بعد ٹیم میں واپس آئے۔ انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز بنائے۔ جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 46.5 اوورز میں 297رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔ انگلینڈ کی اننگز کا آغاز جیمس وینسی اور جاونی بیئراسٹو نے کیا، دونوں اوپنرزنے 63 رنز کی شراکت قائم کی۔ جیمس وینسی 33 رنز بناکر آوٹ ہوئے کچھ ہی دیر بعد جاونی بیئراسٹو بھی 32 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان مورگن اور جیو روٹ نے 117 رنز کی شراکت قائم کی ، مورگن 76 رنز کی اننگز کھیل کر آوٹ ہوئے جس میں 5 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے اور روٹ 84 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے۔ تیسرے میچ میں سنچری بنانے والے جوز بٹلر 34 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جب کہ معین علی بغیر رن بنائے عماد وسیم کا شکار بنے اور چوتھے میچ کے ہیرو بین اسٹوکس بھی 21 رنز بنا سکے۔ شاہین شاہ آفریدی نے 4، عماد وسیم نے 3، اور محمد حسنین، حسن علی نے فی کس ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ 352 رنز کے ہدف کے حصول کیلئے فخرزمان اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دونوں ناکام ثابت ہوئے اور بالترتیب 0 اور 5 رنز بناکر آوٹ ہوئے جس کے بعد محمد حفیظ بیٹنگ کے لیے آئے وہ بھی بغیراسکور کئے آوٹ ہوئے۔ پاکستانی ٹیم کے 3 کھلاڑی صرف 6 رنز پر پویلین لوٹے۔کپتان سرفراز احمد اور بابراعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اورچوتھی وکٹ کی شراکت میں 146 رنز بنائے، اس دوران دونوں نے نصف سنچریاں مکمل کیں، بابراعظم80 رنز بناسکے۔ عادل رشید نے انتہائی دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں رن آوٹ کر کے واپس پویلین بھیج دیا، کپتان سرفراز احمد بدقسمتی سے صرف 3 رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کرسکے وہ 97 پر رن آوٹ ہوئے۔ شعیب ملک صرف 4 رنز ہی بنا سکے۔ عماد وسیم نے کچھ دیر وکٹ پر ٹھہرنے کی کوشش کی لیکن 25 رنز پر وکٹ کیپر کو کیچ تھما دیا۔محمد حسنین نے آخری نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 28رنز بنائے جو جیت کیلئے ناکافی ثابت ہوئے۔ حسن علی گیارہ رنز بنا سکے جبکہ شاہین شاہ آفریدی 19رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔انگلش بولر کرس ووکس نے نہایت عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 5وکٹیں حاصل کیں، ووکس کو مین آف دی میچ اور جیسن روئے کو مین آف دی سیریز کا انعام دیا گیا۔