اوزون میں جو شگاف پیدا ہو رہے ہیں وہ تما م مخلوقات کے لیے خطرے سبب ہیں: پروفیسرتسنیم فاطمہ جل، جنگل اور جیون کی حفاظت آج سب سے زیادہ ضروری ہے:پروفیسراخترالواسع

,

   

جودھپور: آج یہاں مارواڑ مسلم ایجوکیشنل اینڈ ویلفئر سوسائٹی کے زیرِ اہتمام چلنے والے اسکولوں کے طالبِ علموں کے لیے ایک خاص لیکچر ”اوزون:مسائل اور امکانات“ کے موضوع پر پروفیسرتسنیم فاطمہ، سابق صدر شعبہئ بایو سائنسیز، جامعہ ملیہ اسلامیہ،نئی دہلی نے دیا۔ اس لیکچر میں انہوں نے تخلیقِ کائنات کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ اوزون کے وجود میں آنے سے پہلے مخلوقات پانی میں پائی جاتی تھی۔ بعد ازاں اوزون کے وجود میں آنے کے بعد یہ سیارہ جسے ہم دنیاکہتے ہیں اور جو اس وقت آگ کا گولا تھا، مخلوقات کے رہنے کے قابل بنا اور ان کے وجود اور تحفظ کے لیے اوزون نے ایک حصار اور چھتری کا کام کیا۔
پروفیسر تسنیم فاطمہ نے انتہائی سلیس اور شگفتہ اندازمیں بتایا کہ اس وقت اوزون میں جو شگاف پیدا ہو رہے ہیں وہ عالم انسانیت اور تما م مخلوقات کے لیے خطرے اور تشویش کا باعث ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے اپنے آرام اور تعیش کے لیے کو سامان کیے ہیں وہ وقتی طور پر تو مفید لگتے ہیں لیکن دائمی نقصان کا سبب بن رہے ہیں۔ جن میں ایئر کنڈیشنرہوں یا انتہا یہ کہ باڈی اسپرے یہ سب انسانوں کو قسطوں میں خودکشی کی طرف لے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے طرز زندگی اور ماحولیاتی آلودگی کی طرف غورکرنا چاہیے اور انسانیت کی فلاح اور صلاح کے لیے منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔
اس خصوصی لیکچر کی صدارت کرتے ہوئے مولانا آزاد یونیورسٹی جودھپور کے صدر پدم شری پروفیسر اخترالواسع نے پروفیسر تسنیم فاطمہ کے انتہائی فکرانگیز اور معنی آفریں لیکچر کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے نئی نسل سے کہا کہ وہ ان مسائل پر توجہ دیں جو ماحولیاتی آلودگی اور اوزون میں فسادکی وجہ سے ہمارے لیے مصائب کا سبب بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا جل، جنگل اور جیون کی حفاظت آج سب سے زیادہ ضروری ہے۔
آخرمیں مارواڑ مسلم ایجوکیشنل اینڈ ویلفئر سوسائٹی کے سابق جنرل سیکریٹری الحاج محمد عتیق نے کہا کہ ہمیں اپنے بزرگوں کے آدابِ زندگی کو اپنانا چاہیے کیونکہ وہ فطرت سے ہم آہنگ تھے اور آج فطرت کے تقاضوں سے دوری ہمارے لیے ایک بڑا چیلینج بنی ہوئی ہے۔
اس لیکچر میں طلبہ کی کثیر تعداد کے ساتھ پروفیسر خالد محمود، پرنسپل جناب انتخاب عالم، جگنو خان اور دیگر اساتذہ شریک ہوئے۔ پروگرام کی نظامت اور مہمانوں کا استقبال محترمہ آیوشی جوشی نے کیا۔
اوزون کے موضوع پر خصوصی لیکچر میں بیٹھے ہوئے ہیں پروفیسر خالد محمود، صدرِ جلسہ پدم شری پروفیسر اخترالواسع، الحاج محمد عتیق اور پروفیسر تسنیم فاطمہ۔