مونگیر: امارتِ شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ اور خانقاہ رحمانی مونگیر کے زیرِ اہتمام اڈیشہ کے لئے “تحفظِ اوقاف کا پہلا وبینار” کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ یہ اہم وبینار وقف ترمیمی بل 2024 کے تناظر میں 4 جنوری 2025 کو منعقد کیا گیا، جس میں اڈیشہ کے علماء، دانشوران، سماجی کارکنان، اور مختلف مکاتبِ فکر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔جاری ریلیز کے مطابق وبینار میں امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی سجادہ نشیں خانقاہ رحمانی مونگیر نے وقف کے اسلامی نظام کو مدلل طور پر آسان انداز میں بیان کرنے اور وقف کے متعلق بنے ہوئے قانون کو واضح طور پر سمجھانے کے بعد وقف ترمیمی بل 2024 پر تفصیلی تجزیہ پیش کیا۔ انہوں نے بل کی شقوں پر گہرائی سے روشنی ڈالی اور اس کے اثرات و مضمرات پر مفصل گفتگو کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وقف کا تحفظ امت کی اجتماعی ذمہ داری ہے ، اور اس کے خلاف کسی بھی اقدام کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔انہوں نے مزید فرمایا کہ وقف ترمیمی بل 2024 دستور ہند کے کئی دفعات اور سپریم کورٹ کے متعدد فیصلے کے خلاف ہے ۔