ممبئی ۔ 13 نومبر (ایجنسیز) یونیفارم سیول کوڈ (یو سی سی ) کے تعلق سے ملّی تنظیموں کی جانب سے جاری بیداری مہم کے دوران جمعرات کو ایک وفدنے اولڈ کسٹم ہاؤس میں واقع یو سی سی کی چیئرپرسن رنجنا دیسائی کے دفتر پہنچ کر ان سے ملاقات کی کوشش کی۔ وہاں پہنچ کر شرکائے وفد حیران رہ گئے کہ جو پتہ دیا گیا ہے، اس پتے پر تو دفتر ہے ہی نہیں۔ اس وفد میں سنی جمعیتہ العلماء ، جمعیت علماء اہلسنت (ممبئی)، کل جماعتی وفاق ، وحدت اسلامی کے نمائندے اور علماء شامل تھے۔ شرکائے وفدمیں شامل مولانا اعجاز احمد کشمیری نے اس تعلق سے نمائندہ انقلاب کے استفسار پر بتایا کہ’’ ہم لوگ تقریبا سوا تین بجے اولڈ کسٹم ہاؤس پہنچے اور سوا چار بجے کے بعد وہاں سے نکلے۔ یہاں واقع تین بلڈنگوں میں ہم لوگ گئے اور خاص طور پر کمرہ نمبر107 پر جہاں انکوائری سیکشن پرالگ الگ شعبوں کے دفاتر کی سرکاری اہلکاروں کے ذریعے معلومات فراہم کرائی جاتی ہے۔ وہاں موجود انچارج جادھو نے بھی حیرت انگیز طور پر لاعلمی کا اظہارکیا۔‘‘