اومی کرون اورکورونا انفیکشن میں مسلسل اضافہ سے حکومت کوتشویش

   

10 ریاستوں میں مرکزی ٹیمیں تعینات‘ ہر شام مرکز کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت
نئی دہلی: اومی کرون سمیت کووڈ کے بڑھتے ہوئے انفیکشن کے پیش نظر مرکزی حکومت نے کیرالہ، مہاراشٹر اور میزورم سمیت 10 ریاستوں میں مرکزی ٹیمیں تعینات کی ہیں جو ہر شام اپنی رپورٹ دیں گی۔ مرکزی وزارت صحت و خاندانی فلاح و بہبود نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ مرکزی ٹیمیں کیرالہ، مہاراشٹر، تمل ناڈو، مغربی بنگال، میزورم، کرناٹک، بہار، اتر پردیش، جھارکھنڈ اور پنجاب میں تعینات کی گئی ہیں۔ یہ ٹیمیں روزانہ شام کو اپنی رپورٹ پیش کریں گی۔وزارت نے بتایا کہ یہ ٹیمیں ان ریاستوں میں تعینات کی گئی ہیں جہاں کووڈ۔19 کے انفیکشن میں اضافے یا اومی کرون کے زیادہ مریض سامنے آنے کی اطلاعات ہیں۔ اس کے علاوہ یہ ٹیمیں ان ریاستوں میں بھی بھیجی گئی ہیں جہاں کووڈ ویکسینیشن قومی اوسط سے کم ہے۔ یہ ٹیمیں کووڈ ویکسینیشن، ہاسپٹلس میں بستروں کی دستیابی، کووڈ ٹیسٹنگ اور جینوم سیکوینسنگ وغیرہ کی دیکھ بھال کریں گی۔ ملک میں تاحال 415 اومی کرون کیسیس جن میں منجملہ 115 صحت یاب بھی ہوچکے ہیں ۔ مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہفتہ تک مہاراشٹرا میں سب سے زیادہ 108 اومی کرون کیسیس درج ہوئے جب کہ دہلی میں 79 ، گجرات میں 43 ، تلنگانہ میں 38 ، کیرالا میں 37 ، ٹاملناڈو میں 34 اور کرناٹک میں 31 کیس درج ہوئے ہیں ۔