اوورسیز اسکالر شپ کیلئے فی الفور 20کروڑ جاری کرنے کی ہدایت

,

   

اقلیتی بہبود کی سرکاری اسکیمات پرعمل آوری کا جائزہ اجلاس، وزیر داخلہ محمود علی کا خطاب

حیدرآباد۔/23 جنوری، ( سیاست نیوز) اقلیتی بہبود کی سرکاری اسکیمات اور اس پر عمل آوری کا آج ریاستی وزیر داخلہ مسٹر محمد محمود علی نے جائزہ لیا ۔ اوورسیز اسکالر شپ، آئمہ مساجد کو دیئے جانے والے اعزازیہ، قرضہ جات کی اسکیمات ، پری میٹرک و پوسٹ میٹرک اسکالر شپ اورری ایمبرسمنٹ کے علاوہ اقلیتی بہبود کے دیگر اسکیمات کی عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔ اس اجلاس میں سکریٹری میناریٹی و ٹرائبل ویلفیر مسٹر مہیش دت ایکا، ڈائرکٹر میناریٹی ویلفیر مسٹر شاہنواز قاسم، جوائنٹ ڈائرکٹر بالا سبرامنیم ریڈی و دیگر موجود تھے۔ ریاستی وزیر داخلہ مسٹر محمد محمود علی نے اوورسیز اسکالر شپ کے مسئلہ پر عہدیداروں کے حالات کا جائزہ لینے کے بعد فوری فینانس سکریٹری سے بات کرتے ہوئے 20 کروڑ روپئے کی اجرائی کی ہدایت دی اور اقلیتی بہبود سے متعلق زیر التواء اسکیمات کی تفصیلی رپورٹ طلب کی۔ انہوں نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ سرکاری مراعات اور فوائد کو مستحق عوام تک پہونچانے میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں اور موثر اقدامات سے مستحق افراد کو فائدہ پہنچانے کی کوششوں میں شدت پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مساجد کے ائمہ اور موذنین حضرات کو دیئے جانے والے اعزازیہ میں جو اضافہ کیا گیا ہے اس اسکیم کی عمل آوری کے متعلق بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی بہبود سے متعلق کسی بھی اسکیم کی عمل آوری میں رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے گا۔ انہوں نے اقلیتی بہبود کی اسکیمات پر عمل آوری اور مکمل رپورٹ پیش کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی اور عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ زیر التواء اسکیمات کو عمل آوری پر اولین توجہ دیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ کسی بھی مسئلہ کو فوری رجوع کریں تاکہ موثر اقدامات سے اسکیمات کی عمل آوری کو مثالی بنایا جاسکے۔