نئی دہلی ؍ اوٹاوا: کناڈا میں ہندوستانی ہائی کمشنر سنجے کمار ورما نے اوٹاوا میں کنشک دہشت گردانہ بم دھماکے کی 39 ویں برسی کے موقع پر متاثرہ خاندان کے ارکان اور ان کے دوستوں کے ساتھ حملے میں ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ہندوستانی ہائی کمیشن نے ایکس پرایک پوسٹ میں اوٹاوا کے ڈاؤ لیک میں کمشنر پارک میں ایئر انڈیا فلائٹ 182 یادگار پر پھول چڑھائے جانے کی تصاویر شیئر کیں۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ورما نے کہا کہ دنیا کی کسی بھی حکومت کو سیاسی فائدہ کیلئے اپنے علاقوں سے دہشت گردی کے خطرے کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے ۔ انسانی زندگی وقتی سیاسی مفادات سے زیادہ اہم ہے ۔ تمام دہشت گردانہ سرگرمیوں کے خلاف مثالی قانونی اور سماجی کارروائی کا سامنا کیاجانا چاہیے ۔ اس سے پہلے کہ وہ بڑے پیمانے پر انسانیت کو نقصان پہنچانے لگیں۔ حکومتوں، سیکورٹی ایجنسیوں اور بین الاقوامی اداروں کو دہشت گرد نیٹ ورکس کو ختم کرنے ان کی مالی معاونت میں خلل ڈالنے اور ان کے مسخ شدہ نظریات کا مقابلہ کرنے کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے ۔متاثرین کے اہل خانہ اور دوست، اسسٹنٹ آر سی ایم پی کمشنرسمیت حکومت کناڈا کے حکام، آئرلینڈ کے سفیر اور انڈو۔کینیڈین کمیونٹی کے 150 سے زائد افراد اس موقع پر موجود تھے۔ ہندوستان دہشت گردی کے خطرے کا مقابلہ کرنے میں سب سے آگے ہے اور اس عالمی خطرے سے نمٹنے کیلئے تمام ممالک کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے۔23 جون 1985 کو کنشک بم دھماکے میں مونٹریال سے نئی دہلی جانے والی ایئر انڈیا کی ‘کنشک’ فلائٹ نمبر 182 میں لندن کے ہیتھرو ہوائی اڈے پر طے شدہ لینڈنگ سے 45 منٹ قبل دھماکہ ہواتھا، جس کے باعث طیارے میں سوار تمام 329 افراد ہلاک ہوگئے تھیجن میں زیادہ تر ہندوستانی نژاد کینیڈین شہری تھے۔