نئی دہلی : فاسٹ بولر محمد سراج نے کہا ہے کہ جب وہ کرکٹر کی حیثیت سے اپنے ابتدائی برسوں میں تھے تو ان کیلئے مشکلات معمول کی بات تھی۔ حیدرآبادی اسٹار نے کہا کہ اُن کے والد آٹو ڈرائیور تھے جو انہیں اپل اسٹیڈیم جانے اور ٹریننگ پانے کیلئے یومیہ 60 روپے دینے کے متحمل ہی تھے۔ سراج کو انڈین پریمیئر لیگ کی طرف سے رائل چیلنجرز بنگلور نے آسٹریلیا کے گلین میکسویل اور سابق کپتان ویراٹ کوہلی کے ساتھ میگا آکشن سے پہلے برقرار رکھا۔ سراج نے گزشتہ روز آر سی بی کے ایک پوڈ کاسٹ میں کہا کہ آئی پی ایل نے انہیں شہرت دی اور انہیں سماجی حلقوں میں رہنے کے طریقے اور گر سکھایا ہے۔ سراج نے بتایا کہ ’’میں نے سخت جدوجہد کی۔ میرے والد آٹو چلاتے تھے۔ میرے پاس صرف پلاٹینا (موٹرسائیکل) تھی۔ والد صاحب مجھے روز کچھ روپئے دیا کرتے تاکہ میں ان پیسوں سے اوپل اسٹیڈیم تک پہنچنے کا انتظام کرلوں، جو میرے گھر سے کافی دور تھا‘‘۔