پروگرام میں مقامی رکن اسمبلی کو مدعو نہ کرنے پر واپس جاؤ کے نعرے، میئر نے احتجاجیوں کی سرزنش کی
حیدرآباد۔/20 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) میئر گریٹر حیدرآباد وجئے لکشمی گدوال کو آج اوپل میں خود اپنی ہی پارٹی بی آر ایس کے کارکنوں کی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑا۔ وجئے لکشمی اوپل اسمبلی حلقہ میں ترقیاتی پروگراموں کی افتتاحی تقریب میں شریک تھیں۔ وہ چیلوکا نگر علاقہ میں تقریب سنگ بنیاد میں شریک تھیں کہ مقامی افراد نے میئر واپس جاؤ کے نعرے لگائے جس کے نتیجہ میں کشیدگی پھیل گئی۔ مقامی عوام اوپل کے رکن اسمبلی بی سبھاش ریڈی کو پروگرام میں مدعو نہ کئے جانے پر برہمی کا اظہار کررہے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ تقریب میں پروٹوکول کی خلاف ورزی کی گئی۔ احتجاج اور نعروں کے نتیجہ میں میئر اور رکن اسمبلی کے حامیوں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی۔ میئر نے بی آر ایس کارکنوں پر برہمی کا اظہار کیا اور سرکاری پروگرام میں گڑبڑ کرنے پر سرزنش کی۔ انہوں نے احتجاجیوں سے کہا کہ پروگرام میں عدم شرکت رکن اسمبلی کی غلطی ہے۔ میئر نے بتایا کہ زونل کمشنر جی ایچ ایم سی نے رکن اسمبلی اور مقامی کارپوریٹر کو پروگرام میں شرکت کی دعوت دی تاہم رکن اسمبلی نے پروگرام ملتوی کرنے کی تجویز پیش کی۔ رکن اسمبلی کی تجویز پر آج پروگرام رکھا گیا تھا لیکن وہ غیر حاضر رہے۔ برہم میئر نے رکن اسمبلی کے حامیوں سے سوال کیا کہ پروگرام میں عدم شرکت کس کی غلطی ہے۔ رکن اسمبلی کے حامیوں نے جب کہا کہ میئر کو رکن اسمبلی سے بات کرنی چاہیئے تو وجئے لکشمی نے کہا کہ میں میئر ہوں، میں ایسا ہرگز نہیں کروں گی۔ واضح رہے کہ میڑچل ملکاجگیری ضلع میں بی آر ایس کے 5 ارکان اسمبلی نے وزیر لیبر ملا ریڈی کے خلاف بغاوت کردی ہے۔ اس کے دوسرے دن اوپل میں پارٹی میں اختلافات منظر عام پر آئے۔ر