ممبئی، 14 جون ( یو این آئی ) مہاراشٹر کی سیاست میں مبینہ طو رپر ایک بار پھر اُدھو ٹھاکرے کی شیوسینا میں پھوٹ کی قیاس آرائیوں کے درمیان اُدھو ٹھاکرے نے اپنے تمام اراکین پارلیمنٹ کو اپنے رہائش گاہ ماتوشری طلب کرلیا۔۔ اس اجلاس میں پارٹی کے تمام 9 ارکانِ پارلیمان نے شرکت کی، جسے سیاسی حلقوں میں غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے ۔یہ اجلاس ممبئی کے باندرہ مشرق میں واقع ادھو ٹھاکرے کی رہائش گاہ ”ماتوشری” میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے بعد راجیہ سبھا کے رکن سنجے راوت نے دعویٰ کیا کہ پارٹی کے تمام ارکانِ پارلیمان متحد ہیں اور شیوسینا (یو بی ٹی) کے ساتھ پوری وفاداری کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کے مطابق چار ارکانِ پارلیمان نے اجلاس میں ذاتی طور پر شرکت کی، چار نے آن لائن شرکت کی جبکہ ایک رکن نے فون پر ادھو ٹھاکرے سے گفتگو کی۔ اجلاس میں ممبئی سے منتخب انل دیسائی، اروند ساونت اور سنجے پاٹل کے علاوہ ناسک کے رکن پارلیمان راجابھاؤ واجے موجود تھے ۔ سنجے جادھو نے فون کے ذریعے اپنی موجودگی درج کرائی۔ اس موقع پر شیو سینا (یو بی ٹی) کے رکن اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے بھی موجود تھے ۔ سیاسی مبصرین کے مطابق حالیہ دنوں میں یہ افواہیں زور پکڑ رہی تھیں کہ شیوسینا (یو بی ٹی) کے بعض ارکانِ پارلیمان نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیو سینا میں شامل ہو سکتے ہیں۔ اسی پس منظر میں ”آپریشن ٹائیگر” کا ذکر سامنے آیاجس کے تحت مبینہ طور پر اپوزیشن جماعتوں کے منتخب نمائندوں کو اپنی جانب راغب کرنے کی کوششوں کی بات کی جا رہی ہے ۔