حیدرآباد ۔ 20 اگسٹ ۔ ( راست ) تلنگانہ اُردو فورم ۔مظہر ایجوکیشنل سوسائٹی کی جانب سے اُردو زبان کی ترقی کیلئے اُردو میڈیم مدارس کے معیار کو بہترین بنانے ، اُردو کاز کو تقویت پہنچانے ، نئی نسل کو اُردو لکھنا، پڑھنا ، بولنا اور اُدرو میڈیم مدارس میں داخلہ حاصل کرنا ، اس کے علاوہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے مسلمانوں کو حکومت کی جانب سے پچاس ہزار روپئے کی راست اجرائی ، خواتین میں سلوائی مشینوں کی تقسیم ، ہنرمند خواتین کو بینکوں سے لون کی اجرائی ، اُردو میڈیم کے طلباء کو اسکالر شپ کی اجرائی اور دیگر مسائل پر جناب محمد عبدالقادر وائس چیرمین اقلیتی ڈپارٹمنٹ و کنوینر کانفرنس نے بتایا کہ 23 اگسٹ کو 10 بجے دن ’’اُردو مسکن ہال ‘‘ خلوت اُردو اقلیتی کانفرنس منعقد ہوگی ۔ جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست و رُکن قانون ساز کونسل اس کانفرنس کا افتتاح کریں گے ۔ جناب محمد اسمعٰیل الرب انصاری المعروف اُردو انصاری و قائد اقلیتی ڈپارٹمنٹ کانگریس صدارت کریں گے ۔جناب طارق انصاری چیرمین اقلیتی کمیشن بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے اور جناب جاوید کمال مخاطب کریں گے ۔ جناب طاہر بن حمدان صدرنشین اُردو اکیڈیمی ، جناب محمد عبیداللہ کوتوال صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے ۔