آتشزدگی کا واقعہ موٹر پارٹس کی دکان خاکستر

   

حیدرآباد : شہر کے مصروف ترین علاقہ سدی عنبربازار میں پیش آئے ایک آتشزدگی کے واقعہ میں موٹر پارٹس کی دوکان جلکر خاکستر ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق رات دیر گئے سدی عنبربازار مین روڈ پر واقع راجدھانی موٹر پارٹس اسٹورس میں اچانک آگ لگ گئی اور اسے دیکھ کر راہگیروں نے پولیس کنٹرول روم کو آگاہ کیا ۔ کچھ ہی دیر میں افضل گنج پولیس جائے حادثہ پر پہونچ گئی اور 4 فائر انجنوں کو طلب کرلیا گیا ۔ سرکاری ذرائع کے بموجب رات دیر گئے ایک بجے راجدھانی موٹرس میں آگ لگی اور چار گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ اگ لگنے کی وجہ کا پتہ نہ چل سکا اور اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہے ۔ شہر میں اسی قسم کا ایک اور حادثہ پیش آیا جس میں پرانے شہر مادنا پیٹ منڈی کے بعض دوکانات جلکر خاکستر ہوگئے ۔ پولیس کے بموجب مادناپیٹ منڈی میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں کارٹونس میں اچانک آگ لگ گئی اور کچھ ہی دیر میں اس آگ نے تھیلوں ، لکڑی کی اشیاء اور وہاں پر موجود اسٹالس کو اپنی زد میں لے لیا ۔ ملک پیٹ فائر اسٹیشن سے وابستہ فائر انجنوں کو جائے حادثہ پر طلب کرلیا گیا اور اندرون ایک گھنٹہ آگ پر قابو پالیا گیا ۔ اس واقعہ کے بعد مادناپیٹ اور اس کے اطراف و اکناف علاقوں میں سنسنی پھیل گئی تھی ۔ پولیس مادناپیٹ نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔