وڈودراگاندھی نگر: جب پورا ملک دیوالی کے موقعہ پر جشن چراغاں کر رہا تھا، اور ’شبھ کامنائیں‘ پیش کر رہا تھا، تو اس وقت گجرات کے وڈودرا شہر میں دیوالی کی شب فرقہ ورانہ کشیدگی اور تصادم آرائی جاری تھی، پولیس نے اس سلسلے میں اب تک کم از کم ایک درجن افراد کو گرفتار کیاہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دیگر ملزمان کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق فرقہ وارانہ تصادم پیر رات شہر کے پانی گیٹ علاقہ میں ہوا۔مقامی میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے وڈودرا پولیس کے ڈپٹی کمشنر یشپال جگانیا نے کہاکہ تشدد کی اصل وجوہات معلوم نہیں ہو سکی ہیں، جیسے ہی پولیس کو واقعہ کی اطلاع موصول ہوئی، شہر بھر کے اہلکاروں کو موقع پر روانہ کیا گیا اور صورت حال کو قابو کیا گیا۔ گھر کی چھت سے پٹرول بم پھینکا گیا تھا، اس سلسلہ میں گرفتاری کی گئی ہے۔عہدیداروں کا کہنا تھا کہ تصادْم سے قبل اسٹریٹ لائٹ کاٹ دی گئی تھی، جس کے بعد دنوں فریقین نے ایک دوسرے پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ ایک مقامی رہائشی کے مطابق تصام ایک کالج کے نزیدک پٹاخہ پھوڑنے کو لے کر ہونے والے جھگڑے کے بعد شروع ہوا تھا۔