آج سے دہلی ۔ ممبئی روٹ پر ایک اور راجدھانی ایکسپریس کا آغاز

   

نئی دہلی 18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیر ریلوے پیوش گوئل ہفتہ کے روز ممبئی ۔ دہلی روٹ پر ایک اور راجدھانی ایکسپریس کا جھنڈی دکھاکر افتتاح کیا۔ اس طرح اب ممبئی ۔ حضرت نظام الدین کے لئے ہفتہ میں دو بار چلنے والی راجدھانی ایکسپریس متعارف کئے جانے کے بعد ممبئی اور دہلی جیسے دو اہم شہروں کے درمیان اب راجدھانی ٹرینوں کی جملہ تعداد تین ہوگئی ہے۔ تاہم یہ اپنی نوعیت کی پہلی ٹرین ہے جو سنٹرل زون سے گزرے گی یعنی چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس، کلیان، ناسک، جلگاؤں، کھنڈوہ، بھوپال، جھانسی، آگرہ اور حضرت نظام الدین کے سفر کے دوران دو ہندی ریاستوں جیسے اترپردیش اور مدھیہ پردیش کا بھی احاطہ کرے گی۔ مذکورہ ٹرین ممبئی سے ہر چہارشنبہ اور ہفتہ کو دوپہر 2.50 بجے روانہ ہوگی اور حضرت نظام الدین دوسرے دن صبح 10.20 منٹ پر پہنچے گی جبکہ واپسی کے سفر کے لئے ہر جمعرات اور اتوار کو ٹرین حضرت نظام الدین سے شام 4.15 بجے روانہ ہوگی اور دوسرے روز 11.55 بجے دن ممبئی پہونچے گی۔ اس میں ایک فرسٹ کلاس اے سی، تین اے سی 2 ٹائر، 8 اے سی تھری ٹائر اور ایک پنٹری کار (باورچی خانہ) ہوں گے۔