لندن: انگلینڈ اینڈ ویلس کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انگلینڈ کے فاسٹ بولر جوفرا آرچر جنہوں نے 21 مئی کو اپنی سرجری کروائی تھی تاکہ طویل عرصہ سے چل رہے مسائل کو ختم کیا جائے، ان کی روبہ صحت پر کوچنگ عملہ کی خاص توجہ ہے۔ سرجری کے بعد آرچر اب پی سی بی اور سیسیکس میڈیکل ٹیموں کے ساتھ صحتیابی کے مرحلہ سے گزررہے ہیں اور ان کی صحت میں تیزی سے بہتری آرہی ہے۔ آرچر کی فٹنس کے متعلق ای سی بی نے ایک سرکاری بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاسٹ بولر کی صحت کی پیشرفت کا تجزیہ کرنے کے لیے ایک مشیر مقرر کیا گیا ہے جو ان کی رہنمائی کرنے کے علاوہ 4 ہفتوں میں ان کی صحت کا جائزہ بھی لے گا اور یہ طے کرے گا کہ وہ بولنگ کرنے کے لیے کب واپس آسکتے ہیں۔ گزشتہ ہفتے کینٹ کے خلاف کونچی چمپئن شپ میں سیسیکس کی نمائندگی کرتے ہوئے آرچر ایکشن میں واپسی کی تھی لیکن صرف 5 اوورس ہی بولنگ کرپائے۔ اس دوران انہوں نے اپنی دائیں کوہنی میں تکلیف کی شکایت کی جس کے باعث میچ کے آخری دو دن بولنگ نہیں کرپائے تھے۔