نئی دہلی : آر ایس ایس قائد اندریش کمار دیوالی سے ایک دن قبل درگاہ حضرت نظام الدینؒ پہنچے اور چادر چڑھائی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تمام مذاہب کا احترام کرنا چاہئے تاکہ ’شکروار‘ کو ’پتھر وار‘ بنانے سے روکا جا سکے۔اندریش کمار نے کہا کہ دیوالی کا تہوار تمام مذہبی اختلافات، صوبوں کے اختلافات کو مٹا دیتا ہے۔ ہندوستان یاتریوں، تہواروں اور میلوں کی سرزمین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر تہوار ہمیں سکھاتا ہے کہ ہم تعصب، بغض، نفرت، فساد، جنگ نہیں چاہتے۔ ہم امن، ہم آہنگی اور بھائی چارہ چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی کی جبری تبدیلی مذہب نہیں کرنی چاہئے اور تشدد سے باز رہنا چاہئے۔ سب کو اپنے اپنے مذہب اور ذات کی پیروی کرنی چاہیے۔ دوسرے کے مذہب پر تنقید اور توہین نہ کریں۔ جب ملک میں تمام مذاہب کا احترام کیا جائے گا تو ملک ان بنیاد پرستوں سے آزاد ہو جائے گا جو جمعہ کے دن پتھراؤ کرتے ہیں۔
ہندوستان واحد ملک ہے جو تمام مذاہب کا احترام اور تمام کو قبول کرتا ہے۔ آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت 22 ستمبر کو دہلی کی ایک مسجد گئے تھے اور آل انڈیا امام آرگنائزیشن کے چیف امام ڈاکٹر امام عمر احمد الیاسی سے ملاقات کی تھی۔