آسٹریلیا کے عام انتخابات میںلیبر پارٹی کی کامیابی

,

   

10 سال سے حکومت کرنے والی کنزرویٹو پارٹی کو شکست
سڈنی:آسٹریلیا کے عام انتخابات میں اپوزیشن جماعت آسٹریلین لیبر پارٹی نے 10 سال سے ملک پر حکومت کرنے والی کنزرویٹو پارٹی کو شکست دے کر کامیابی حاصل کرلی۔ میڈیا کے مطابق نو سال اپوزیشن میں رہنے کے بعد اپنی پارٹی کو انتخابات میں فتح دلانے کے بعد لیبر پارٹی کے رہنما انتھونی البانیز نے اپنے پہلے بیان میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ آسٹریلیا کے لوگوں کو متحد و یکجا کرنا چاہتے ہیں۔انتخابی فتح کے خوشی میں رات گئے سڈنی میں جاری لیبر پارٹی کی تقریب میں شرکت کے لیے اپنے گھر سے روانہ ہوتے وقت میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انتھونی البانی کا کہنا تھا کہ میں ملک کو متحد کرنا چاہتا ہوں۔اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لوگوں میں بہت تقسیم ہو چکی، لوگ اب ایک قوم بن کر ایک ہونا چاہتے ہیں اور میں اس سلسلے میں اپنا قائدانہ کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔دوسری جانب، قدامت پسند وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے بھی انتخابات میں اپنی شکست کو تسلیم کرتے ہوئے فتح پر انتھونی البانیز کو مبارکباد دی۔وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے انتھونی البانیز کو فون کر کے انتخابات میں شکست تسلیم کی اور انہیں ان کی جیت پر مبارکباد دیں۔لبرل پارٹی گزشتہ دہائی سے آسٹریلیا میں حکومت کر رہی تھی۔