آندھراپردیش اُردو اکیڈیمی کے اشتراک سے عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ کے اُردو امتحانات

   

65 تعلیمی مراکز کا قیام، 60 اساتذہ کیلئے ماہانہ 15 ہزار اُجرت، مراکز میں توسیع کی مساعی
وجئے واڑہ 18 اپریل (پریس نوٹ) عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ اور ادارہ ادبیات اُردو کے زیراہتمام اُردو دانی، اُردو زبان دانی اور اُردو انشاء کے امتحانات آندھراپردیش اُردو اکیڈیمی کے اشتراک سے منعقد شدنی امتحانات جولائی 2019 ء بروز اتوار کے سلسلہ میں تیاریوں کے لئے ریاست بھر کے 13 اضلاع میں فی الوقت 4 اضلاع اننت پور، چتور، کرنول اور کڑپہ میں 65 تعلیمی مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں قابل ذکر اننت پور میں 2 ، ہندوپور میں 2 ، کورٹلہ میں 4 ، کدری میں 2 ، تاڈپتری میں 2 ، گتی میں 2 ، چتور ضلع میں 14 ، کرنول ضلع میں 13 اور کڑپہ ضلع میں 9 کے لئے 60 اساتذہ کرام کو دینے کے لئے ہر ماہ 15,000/- روپئے معاوضہ مقرر کیا گیا ہے۔ 4 ڈپٹی انسپکٹر آف دی اُردو اسکولس کو ان تعلیمی مراکز کی ذمہ داری دی گئی ہے اور ان کی آمد و رفت کے لئے ہر ماہ 10,000/- روپئے مقرر کئے گئے ہیں۔ اور ان مراکز پر تعلیم حاصل کرنے والوں کو اکیڈیمی اور ادارہ سیاست کی جانب سے مفت کتابیں، کاپیاں، قلم وغیرہ بھی فراہم کئے جارہے ہیں۔ نیز جہاں جہاں تعلیمی مراکز قائم کئے گئے ہوں ان کے لئے بھی معاوضہ دیا جارہا ہے۔ ادارہ سیاست کے عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ کی جانب سے امیدواروں کو پڑھنے اور لکھنے کے لئے نصابی کتابیں فراہم کی گئی ہیں جس کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جارہا ہے۔ ادارہ ادبیات اُردو کے صدر جناب زاہد علی خاں اور معتمد عمومی پروفیسر ایس اے شکور کا بھی شکریہ ادا کیا جارہا ہے۔ اے پی کے مابقی 9 اضلاع پر جنوری 2020 ء سے امتحانات مقرر کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ فروری میں جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے ریاست آندھراپردیش کے اضلاع کے دورہ پر اکیڈیمی کو تجویز پیش کی تھی۔ اس کو اُردو اکیڈیمی نے قبول کرتے ہوئے اس مرتبہ آندھراپردیش کے 4 اضلاع میں 65 مراکز پر 5,500 طلباء و طالبات مرد و خواتین شرکت کررہے ہیں۔ مختلف مذاہب مختلف زبانیں بولنے والوں اور مختلف عمر کے افراد ان امتحانات میں شرکت کررہے ہیں۔ اور کامیاب امیدواروں کو توصیفی سند دی جائے گی۔ اپنی زبان اپنے ہاتھ میں ویب سائٹ اکیڈیمی منظر عام پر لارہی ہے۔ گھر بیٹھے اُردو زبان سیکھنے کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ اُردو اکیڈیمی آندھراپردیش کے 36 لائبریریز ہیں جن میں روزانہ 365 اخبارات مطالعہ کے لئے رکھے جاتے ہیں۔ 472 اخبارات کو ان لائبریریز پر انتظام کررہے ہیں۔ اُردو پڑھنے اور پڑھانے، سیکھنے اور سکھانے کے اس نعرے کو لے کر آندھراپردیش اُردو اکیڈیمی 13 اضلاع میں مہم چلارہی ہے۔ سرکاکلم، وجئے نگرم، وشاکھاپٹنم، ایسٹ گوداوری، ویسٹ گوداوری، کرشنا ضلع میں وجئے واڑہ، مچھلی پٹنم، گنٹور، ضلع پرکاشم (اونگول) اور نیلور میں 850 اُردو کوچنگ سنٹرس عنقریب قائم کرنے والے ہیں۔ آندھراپردیش میں اُردو زبان کے فروغ کے سلسلہ میں جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے جن جن بہترین تجاویز کو پیش کیا تھا اس کو اُردو اکیڈیمی آندھراپردیش بروئے کاکر لارہی ہے۔ انشاء اللہ بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔ اس سلسلہ میں اُردو اکیڈیمی آندھراپردیش کے ڈائرکٹر ؍ سکریٹری نے ادارہ سیاست کی فروغ اُردو خدمت کی بھرپور ستائش کی اور کہاکہ اُردو ہماری مادری زبان ہے اور اُردو زبان کے ساتھ ہماری تہذیب وابستہ ہے۔ اور ادارہ سیاست کے یہ امتحانات نئی نسل کو اُردو تہذیب سے آراستہ کرنے میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست، جناب ظہیرالدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر اور عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست اور پروفیسر ایس اے شکور معتمد عمومی ادارہ ادبیات اردو کے بے حد ممنون و مشکور ہیں جنھوں نے اُردو زبان کی ترقی اور فروغ کے لئے تعاون فرماتے ہیں۔ جناب عابد علی خاںؒ اور جناب محبوب حسین جگرؒ نے فروغ اُردو کا پودا آج سے دو دہے سے زائد عرصہ قبل لگایا تھا ، وہ اب تناور درخت کی شکل میں بدل گیا ہے۔