اپل میں اسکائی واک کی تعمیر

,

   

پیدل راہروں کو راحت ، عنـقریب جی ایچ ایم سی سے تعمیر کا آغاز
حیدرآباد۔ اپل میں شہر کے پہلے اسکائی واک کی تعمیر کو منظوری دے دی گئی ہے اور پرنسپل سیکریٹری تلنگانہ بلدی نظم و نسق مسٹر اروند کمار نے اس اسکائی واک کے ڈیزائن کو اپنے ٹوئیٹر کے ذریعہ منظر عام پر لاتے ہوئے کہا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں اس پہلے اسکائی واک کی تعمیر کے منصوبہ پر عمل آوری کا وقت آچکا ہے اور جلد ہی اس کے تعمیری کاموں کا آغاز کردیا جائے گا۔ شہر حیدرآباد میں فٹ اوور برجس اور کیبل برج کے بعد اب اسکائی واک کی تعمیر کے ذریعہ پیدل راہرووں کو ہونے والی مشکلات کو دور کرنے پر بھی توجہ دی جانے لگی ہے ۔ سڑک عبور کرنے میں ہونے والی دشواریوں کو دور کرنے کیلئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر حیدرآباد میں فٹ اوور برجس کی تعمیر عمل میں لائی گئی اور کئی مصروف ترین سڑکوں پر اس کا تجربہ کامیاب رہا ہے لیکن قبل از وقت بہتر منصوبہ بندی نہ کئے جانے کے سبب بعض مقامات سے فٹ اوور برجس کو ہٹادیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود ان کی ضرورت اپنی جگہ مسلمہ ہے اور اس کا بہتر استعمال کیا جارہا ہے ۔ اپل میں منظورہ اس اسکائی واک کے پراجکٹ کو حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے تعمیر کیا جائے گا ۔اپل میٹرو ریل اسٹیشن سے مربوط ہونے والے اس 4رخی اسکائی واک کی مسافت 660 میٹر ہوگی اور اس کا استعمال پیدل راہرو کریں گے ۔