اپنے دور صدارت میں کوئی نئی جنگ شروع نہ کرنا قابل فخر ، ٹرمپ کا وداعی خطاب

   

واشنگٹن: سبکدوش ہونے والے صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے وداعی بیان کہا کہ مجھے فخر ہے کہ اپنے دور اقتدار میں کوئی نئی جنگ شروع نہیں کی اور عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے۔ امریکہ کے 45ویں صدر ٹرمپ اپنی صدارتی مدت پوری کرنے کے بعد رخصت ہورہے ہیں اور نومنتخب صدر جوبائیڈن آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے جو اگلے 4 سال کے لیے وائٹ ہاؤس منتقل ہوجائیں گے۔ امریکی روایت کے مطابق جانے والا صدر حلف برداری کی تقریب میں شرکت کرتا ہے تاہم ٹرمپ ایسا نہیں کریں گے۔وائٹ ہاؤس سے رخصتی سے قبل صدر ٹرمپ نے وداعی پیغام کہا کہ ہم نے وہی کیا جو ہم کرنے آئے تھے بلکہ اس سے بھی کئی زیادہ کیا تاہم مجھے فخر ہے اپنے دور اقتدار میں میں نے کوئی نئی جنگ شروع نہیں کی۔ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ میں اپنی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جرأت مندانہ، اصولوں اور حقیقت پسندی پر مبنی سفارت کاری کے ذریعے ہم نے مشرق وسطیٰ میں تاریخی معاہدے کرکے کامیابی حاصل کی جب کہ انہوں نے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کو بھی اپنی کامیابی قرار دیا۔اپنے وداعی پیغام میں ٹرمپ نے کیپٹل ہل پر حملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے سے تمام امریکی خوفزدہ ہوئے اور سیاسی تشدد ہر اس چیز پر حملہ ہے جس کو ہم بحیثیت امریکی سراہتے ہیں، اسے کبھی برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی انتظامیہ نے دنیا کی تاریخ کی سب سے بڑی معیشت کو تعمیر کیا جب کہ ہمارا ایجنڈا ریپبلکن یا ڈیموکریٹکس کے بارے میں نہیں بلکہ قوم کی بہتری کے لیے تھا۔