نئی دہلی، 17 اپریل (یواین آئی) وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد نے خواتین ریزرویشن کے نفاذ کے طریقہ کار کی نہیں بلکہ پورے خواتین ریزرویشن تجویز کی ہی مخالفت کی ہے ۔ امیت شاہ نے لوک سبھا میں (آئین 131واں ترمیمی) بل 2026اور اس سے متعلق حد بندی سمیت دیگر دو بلوں پر دو روزہ بحث کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ “انڈیا اتحاد کے اراکین نے بحث میں یہ ضرور کہا کہ وہ خواتین ریزرویشن کا خیرمقدم کرتے ہیں، لیکن اس کے نفاذ کے بارے میں اگر مگر اور لیکن لگائے اور ان کا یہ طریقہ دراصل نفاذ کے طریقہ کار کی نہیں بلکہ خود خواتین ریزرویشن کی مخالفت ہے۔ آبادی کی بنیاد پر انتخابی حلقوں کی حد بندی ایک آئینی تقاضہ ہے۔
، لیکن یہاں اس کی مخالفت کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ آئین کے آرٹیکل 81، 82 اور 170 میں اس کے اصول درج ہیں اور حد بندی کا مقصد آبادی کے مطابق لوک سبھا کی نشستوں کا تعین کرنا اور ریاستوں کے درمیان توازن قائم رکھنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں آبادی کی بنیاد پر حد بندی کے ذریعے نشستوں کی تعداد بڑھانے کی گنجائش موجود ہے ، لیکن 42ویں آئینی ترمیم کے دوران، جو اندرا گاندھی کے دور میں ہوئی، نشستوں کی تعداد کو ایک حد پر روک دیا گیا تھا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اس وقت ملک میں 127 ایسی نشستیں ہیں جہاں 20 لاکھ سے زیادہ ووٹر موجود ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن سے ان بلوں کی حمایت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس سے “ایک ووٹ، ایک قدر” کا اصول عملی طور پر نافذ ہوگا۔