اپوزیشن کی جیت ‘ مودی کی ہار:کھرگے

,

   

دھرمیندر پردھان کے استعفے پر کانگریس صدر کا ردعمل
نئی دہلی، 25 جولائی (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کو طلبہ، ان کے اہل خانہ اور متحدہ اپوزیشن کی جیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی نظام میں اصلاح کی لڑائی ابھی جاری رہے گی۔مسٹر کھرگے نے وزیرِ تعلیم کے استعفے پر سوشل میڈیا ایکس پر پوسٹ کیا کہ ہندوستان کے ‘چھاتروں کی گونج’ آخر کار مغرور اقتدار کی دہلیز تک پہنچ گئی ہے ۔ یہ ہمارے کروڑوں نوجوانوں کی جیت ہے ، جنہوں نے تعلیمی نظام کو درست کرنے ملک بھر میں آواز اٹھائی۔ یہ سچائی کی جیت اور وزیرِ اعظم نریندر مودی کی ضد کی ہار ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیرِ تعلیم کا استعفیٰ ان خاندانوں کی بھی جیت ہے ، جنہوں نے حکومت کے مبینہ بدعنوان نظام کی وجہ سے اپنے بچوں کو کھویا ۔ کانگریس صدر نے کہا کہ اب باری ہے مودی جی کی ملک کی نوجوان نسل سے معافی مانگنے کی اور جنہوں نے ان پر لاٹھی ڈنڈے نیز پیلٹ گن چلوائی ہے ، ان پر سخت کارروائی کرنے کی۔پارٹی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ یہ ہندوستان کے نوجوانوں کی تاریخی جیت ہے اور طالب علموں کی طاقت نے نااہل، بدعنوان اور قصوروار وزیرِ تعلیم کو استعفیٰ دینے پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ نیٹ پرچہ سولات لیک کے بعد سے ہی کانگریس، بالخصوص راہول گاندھی، مسلسل وزیرِ تعلیم کے استعفے کا مطالبہ کر رہے تھے اور پورا اپوزیشن جواب دہی کے حق میں تحریک چلا رہا تھا۔ مسٹر وینوگوپال نے کہا کہ کانگریس کے دیگر مطالبات میں طالب علموں پر حملے کے ذمہ دار لوگوں کو سزا اور وزیرِ اعظم کی طرف سے طلبا سے معافی، اب بھی برقرار ہیں۔ تعلیم کے شعبے میں وسیع سدھار، طالب علموں پر بڑھتے دباؤ کو کم کرنے اور تعلیمی معیار میں سدھار تک کانگریس کی تحریک جاری رہے گی۔