اڈیشہ میں ایک اور ٹرین حادثہ، مال گاڑی کی 5 بوگیاں اُترگئیں

   

بھونیشور: اڈیشہ میں ایک اور ٹرین حادثہ پیش آیا ہے۔ بارگڑھ ضلع کے میندھا پلی کے قریب مال گاڑی کی پانچ بوگیاں پٹری سے اُترگئیں۔ایسٹ کوسٹ ریلوے نے کہا کہ ایک پرائیویٹ سیمنٹ فیکٹری کی مال گاڑی کی کچھ بوگیاں بارگڑھ ضلع میں میندھا پلی کے قریب فیکٹری کے احاطے کے اندر پٹری سے اتر گئیں۔ اس معاملے میں ریلوے کا کوئی رول نہیں ہے۔یہ ایک نجی سیمنٹ کمپنی کی مکمل طور پر نیرو گیج سائیڈنگ ہے۔ تمام بنیادی ڈھانچے بشمول رولنگ اسٹاک، انجن، ویگن، ٹرین ٹریک (نیرو گیج) کی کمپنی دیکھ بھال کرتی ہے ۔اہم بات یہ ہے کہ جمعہ کی شام تقریباً 7:30 بجے ہاوڑہ جانے والی 12864 بنگلورو۔ہاوڑہ سوپر فاسٹ ایکسپریس کے کئی ڈبے پہلے پٹری سے اُترے اور اڈیشہ کے بالاسور کے قریب ملحقہ ٹریک پر گر گئے۔دوسری طرف سے شالیمار سے چینائی جانے والی کارومنڈل ایکسپریس تیز رفتاری سے آرہی تھی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کارومنڈل ایکسپریس کی بوگیاں بھی پٹری سے اتریں اور دوسرے ٹریک پر آنے والی مال گاڑی سے ٹکرا گئیں۔ اس حادثے میں 275 سے زائد افراد ہلاک جب کہ 900 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔